عید الفطر صاحبان ایمان کیلئے انعام و اکرام ہے، عید سادگی سے منائی جائے ہر مظلوم حقیقی عید کا منتظر ہے، آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

مظلومین کشمیر و فلسطین اور متاثرین سانحہ طیارہ سے یکجہتی کیلئے عید سادگی سے منائی جائے،آغا حامد موسوی
ہر مظلوم اس حقیقی عید کا منتظر ہے جب استحصالی قوتوں کے ظلم کی سیاہ رات کا خاتمہ ہوگا،ظالمین نے تہوار غمکدوں میں تبدیل کردیئے
عید الفطر صاحبان ایمان کیلئے انعام و اکرام اور روزہ داروں کا یوم سرفرازی ہے،لاک ڈاؤن متاثرین کو فراموش نہ کیا جائے
اجتماعات میں کورونا خاتمے، کشمیر و فلسطین کی آزادی، مقامات مقدسہ کی بحالی، وطن عزیز کے استحکام ور عالم اسلام کی یکجہتی کیلئے دعائیں کی جائیں
رمضان کا سب سے بڑا درس محرمات الہی سے بچنا ہے پورا سال اس درس پر گامزن رہ کرہر روز کو عید بنایا جا سکتا ہے، عید الفطر پر قائد ملت جعفریہ کا پیغام

اسلام آباد( ولایت نیوز)سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ عید الفطر صاحبان ایمان کیلئے انعام و اکرام اور روزہ داروں کی سرفرازی کا دن ہے، کشمیر و فلسطین کے مظلوم و محصور مسلمانوں اورسانحہ پی آئی اے طیارہ کے متاثرین سے یکجہتی کیلئے عید سادگی سے منائی جائے، کورونا لاک ڈاؤن کے متاثرین کو عید کی خوشیوں میں فراموش نہ کیا جائے دنیا کا ہر مظلوم اس حقیقی عید کا منتظر ہے جب استحصالی اور استعماری قوتوں کے ظلم کی سیاہ رات کا خاتمہ ہوگا ظالمین اور مستکبرین نے عیدوں اور تہواروں کو غمکدوں میں تبدیل کردیا ہے، عید الفطر کے اجتماعات میں کورونا وبا کے خاتمہ، کشمیر و فلسطین کی آزادی، جنت البقیع و جنت المعلی سمیت تمام مقامات مقدسہ کی عظمت رفتہ کی بحالی، وطن عزیز کے استحکام و ترقی اور عالم اسلام کی وحدت و یکجہتی کیلئے دعائیں کی جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ہے جو اتوار 24 مئی کو پاکستان بھر میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے ۔

آقای موسوی نے باورکرایا کہ عید الفطر روز جزا ہے جس دن اللہ ماہ رمضان میں خدا کی راہ میں پیاس بھوک برداشت کرنے والے پر اپنے تحائف کی برسات کرتا ہے، مومن لاتعداد باطنی صفات کا حامل بن جاتا ہے وہ اللہ کی کتاب ہدایت قرآن سے قریب تر ہو چکا ہوتا ہے، انسان کے روح و بدن میں کمزوروں اور مظلوموں کے مصائب کادرد سما جاتا ہے وہ نیکی کی جانب مائل اوراسکی اتحاد و یکجہتی کی خو مستحکم ہو جاتی ہے، انسان اللہ سے راز و نیاز کی صلاحیت پاکر ایسی طاقت حاصل کرلیتا ہے جس سے کوئی شیطانی ہتھکنڈا اس پر اثر انداز نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ رمضان مسلمانوں کو تزکیہ نفس سکھا تا ہے،بھوکوں پیاسوں کی مصیبتوں کا احساس دلاتا اوراللہ سے قریب کرتاہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان کا سب سے بڑا درس اللہ کی حرام کردہ چیزوں یعنی محرمات الہی سے بچنا ہے پورا سال اس درس پر گامزن رہ کرہردن کو عید بنایا جا سکتا ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے کہ ”جب شوال کا پہلا دن ہوتا ہے، آسمانی منادی ندا دیتا ہے کہ اے مؤمنو! اپنے تحفوں کی طرف دوڑ پڑو، اس کے بعد فرمایا”اے جابر! خدا کا تحفہ بادشاہوں اور حاکموں کے تحفہ کے مانند نہیں ہے، اسکے بعد فرمایا کہ شوال کا پہلا دن الہی تحفوں کا دن ہے۔“ایک اور مقام پر فرمایاکہ شب عید فطر کو انعام لینے والی شب بھی کہا جاتا ہے، خداوند عالم عمل و عبادت کرنے والوں کی جزاء کو بے حد و بے حساب عطا کرتا ہے اور جب عید فطر کا دن آتا ہے تو خداوند اپنے تمام فرشتوں کو شہروں میں نازل کرتا ہے اور وہ جگہ جگہ کھڑے ہو کر ندا دیتے ہیں کہ: اے امت محمدؐخداوند عالم کی طرف عید کی نماز پڑھنے کیلئے نکل پڑو کیونکہ وہ بہت زیادہ اجر عطا کرنے اور بڑے بڑے گناہوں کو بخشنے والا ہے۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے امیرالمؤمنین علی علیہ السلام کے فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ”اے لوگو!عید الفطر ایک ایسا دن ہے کہ جس میں نیک لوگ اپنی جزا پائیں گے اور برے لوگوں کو سوائے مایوسی اور ناامیدی کے کچھ حاصل نہیں ہوگا اور یہ دن قیامت کے دن سے مشابہت رکھتا ہے، گھر سے نکل کر جب عیدگاہ کی طرف آؤ تو اس وقت کو یاد کرو جب قبروں سے نکل کر خدا کی طرف جارہے ہو گے اور جب نماز عید کے لیے کھڑے ہو تو اس وقت کو یاد کرو کہ جب خدا کے سامنے کھڑے ہوگے اور نماز کے بعد جب اپنے گھروں کی طرف جاؤ تو اس وقت کو یاد کرو کہ جب تم اپنی منزل کی طرف جارہے ہو گے اور یاد رکھو اس وقت تمہاری منزل بہشت ہونی چاہیے، اے لوگو سب سے کم جو چیز روزہ دار مردوں اور عورتوں کو دی جائے گی وہ یہ ہے کہ ایک فرشتہ ماہ مبارک رمضان کے آخری روزے کو ندا دیگا اور کہے گا:اے بندگان خدا تمہیں بشارت دیتا ہوں کہ تمہارے پچھلے گناہ معاف ہوگئے ہیں پس آگے کی فکر کرو کہ کیسے باقی زندگی گذاروگے‘۔آقای موسوی نے یہ با ت زوردیکر کہی کہ اسلامیان عالم کو عید الفطر کی حقیقی خوشیوں سے بہرہ ور کرنے کیلئے مسلم حکمران ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہو کر اتحاد کی طاقت سے شیطانی قوتوں کے ناپاک عزائم ناکام کردیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.