مظلوموں کی حمایت میں شیعہ سنی ہم آواز؛ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کال پر ملک بھر میں یوم القدس حمایت مظلومین کے احتجاجی مظاہرے ریلیاں

ولایت نیوز شیئر کریں

جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس حمایت مظلومین کے موقع پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی کال پر ملک گیرمظاہرے، احتجاجی ریلیاں
استعماریت کاواحدعلاج مسلمانوں کا اتحاد ہے جس سے بیت المقدس کو صیہونی پنجوں سے چھڑایا جا سکتا ہے۔حامد موسوی
اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور،کراچی،گلگت،مظفر آباد اور دیگر مقامات پر سنی شیعہ اتحاد کا عملی مظاہرہ،علامہ بشارت امامی،علامہ زاہد کاظمی،مثیم تمار اور دیگر کا خطاب
کراچی مسافر طیارے کی تباہی قومی المیہ ہے،سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں،حادثے کی تحقیقات کرائی جائے۔قائد ملت جعفریہ کا اظہار تعزیت

اسلام آباد ( )سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علماء بورڈ قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس حمایت مظلومین دنیابھرکی طرح وطن عزیزپاکستان میں مظلومین عالم سے اظہار یکجہتی کے جذبے کیساتھ منایا گیا۔ اس موقع پروفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھرکے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قبلہ اول کی آزادی،مظلومین کشمیر و فلسطین کی حمایت، صیہونی وبھارتی بربریت اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی یوم القدس حمایت مظلومین کے موقع پر قبلہ اول کی آزادی،مظلومین کشمیر و فلسطین کی حمایت، صیہونی وبھارتی بربریت اور دہشت گردی کے خلاف دربار سخی محمود بادشاہ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔آبپارہ چوک میں علامہ بشارت حسین امامی نے قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کا خصوصی پیغام پیش کیا جس میں انہوں نے باورکرایا کہ اپنے مفادات کے اسیر مسلم حکمرانوں کو یہ ذہن نشین رکھنا ہو گا کہ صیہونیت کے ناپاک عزائم صرف بیت المقدس پر قبضہ کرنا ہی نہیں گریٹر اسرائیل کا قیام ہے جسکے نقشے میں حرمین شریفین بھی شامل ہیں اسی لیے آج صیہونیت امریکی استعمار کی مکمل پشت پناہی کیساتھ اس منصوبے کی جانب تیزی سے قدم بڑھا رہی ہے، اسرائیل کیلئے خطرہ سمجھے جانے والے زیادہ تر ممالک کی اینٹ سے اینٹ بجائی جا چکی ہے باقی ماندہ مسلم ممالک میں بھی دشمنی کی آگ مسلسل بھڑکائی جا رہی ہے تاکہ وہ خود ہی ایکدوسرے کو مٹادیں تاکہ صیہونیت کے ناپاک منصوبے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہو جائیں۔

پشاور پریس کلب کے سامنے یوم القدس حمایت مظلومین کا احتجاجی مظاہرہ

آقای موسوی نے کہا کہ بیت المقدس فریا د کناں ہے کہ مسلمانو جاگو!شیطانی طاقتیں قبلہ اول کے بعد بیت اللہ و مسجد نبوی ؐ کی جانب پیش قدمی کررہی ہیں لہذا اگر اب بھی مسلم حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی، صیہونیت استعماریت شیطنت کا واحد علاج اور تریاق مسلمانوں کا باہمی اتحاد ہے مسلمانوں کا اتحاد ہی وہ ہتھیار ہے جس سے نہ صرف حرمین شریفین کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے بلکہ قبلہ اول بیت المقدس کو بھی صیہونی پنجوں سے چھڑایا جا سکتا ہے۔انہوں نے یہ بات زوردیکر کہی کہ قبلہ اول کی پکار پر لبیک کہنے میں ہی عالم اسلام کی سرخروئی کا راز مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ القدس کی بازیابی اور کشمیروفلسطین سمیت عالم اسلام کو درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے عالمی استعمار اور اسکے آلہ کاروں سے عملی بیزاری اور دنیائے مظلومیت کی کھل کر حمایت کرنے کو وقت کی اہم ترین ضرور ت قراردیا۔

آقای موسوی نے اپنے پیغام میں کراچی مسافر طیارے کی تباہی کو قومی المیہ قراردیتے ہوئے کہا کہ ہم سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے آئندہ اس قسم کے سانحات سے بچنے کیلئے حادثے کی تحقیقات کروانے کا مطالبہ بھی کیا۔ٹی این ایف جے اسلام آبادالقدس حمایت مظلومین ریلی کی قیادت ٹی این ایف جے فیڈرل کیپٹل کے صدر علامہ بشارت حسین امامی،جنرل سیکرٹری ذوالفقار علی راجہ، علامہ سیدفصاحت نقوی،مولانا وضاحت حسین کاظمی،مولانامیثم گردیزی، پروفیسرغلام عباس حیدری،چیف کمانڈر مختار فورس والینٹرز سید نزاکت حسین کاظمی،ڈپٹی ضلعی کمانڈر سبطین کاظمی، شفقت حسین گردیزی،مرزا سانچی خان،سائیں سخی حیدری،ڈپٹی کمانڈر ضلع ایسٹ سید ناظم حسین کاظمی، سید جی ایم شاہ کاظمی اور دیگررہنما کررہے تھے۔بعدازاں شرکائے ریلی واپس دربار سخی محمود شاہ بادشاہ پہنچ کر پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

راولپنڈی میں ٹی این ایف جے کی ضلعی یوم القدس حمایت مظلومین کمیٹی کے زیراہتمام امامبارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے علامہ زاہد عباس کاظمی،میثم تمار، محسن ہمدانی کی قیادت میں مرکزی ریلی نکالی گئی،مری روڈ پر کمیٹی چوک میں خطابات کے بعد مظاہرین پرجوش نعرے لگاکر پرامن طورپرمنتشرہوگئے۔

ٹی این ایف جے کی عالمی یوم القدس حمایت مظلومین کے دفتر میں موصولہ اطلاعات کے مطابق کوئٹہ ہزارہ ٹاؤن،پریس کلب پشاور،ڈیرہ غازی خان،کراچی شاہ فیصل کالونی میں ڈرگ روڈ،قصر زینب بھکر،بارگاہ ولی العصر ملتان،امام بارگاہ اڈہ پسروریاں سیالکوٹ،عزاخانہ زہرا لاہور کے علاوہ،مظفر آباد،باغ،دادو، خیرپورمیرس ،چکوال،سرگودھاگلگت،فیصل آباد،کوہاٹ،شیخو پورہ، گوجرنوالہ،جہلم،دینہ، قصور،گوجرہ، خانیوال، بہاولپور، سکھر،نواب شاہ،سیہون شریف،نوشہرو فیروز اور دیگر شہرو ں میں بھی یوم القدس حمایت مظلومین کے موقع پر احتجاجی مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

اس موقع پرمظلومین کشمیر و فلسطین کیساتھ بھرپوراظہاریکجہتی کرتے ہوئے بھارتی اشتعال انگیزی اور جارحانہ کاروائیوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں پر زوردیا گیا کہ وہ ہندو بنیے کو مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم سے روکیں۔یوم القدس حمایت مظلومین کی ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں میں مختلف مکاتب فکر کے لوگوں سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.