مخدوم التجا نقوی تحریک تحفظ ولاء و عزا و حرمت سادات کے چیف آرگنائزر منتخب؛ قائد ملت جعفریہ آقائے موسوی نے دستار بندی کردی، مخدوم نزاکت کے نقش قدم پر چلنے کا عہد

ولایت نیوز شیئر کریں

نظریہ اساسی کا تحفظ، دین و وطن کی حرمت ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔قائد ملت جعفریہ آغا سید حامدعلی شاہ موسوی
تحریک تحفظِ ولا و عزا،حرمتِ سادات کے چیف آرگنائزر مخدوم سید التجا حسین نقوی کی توثیق ودستار بندی
ملت کی آبرو کیلئے حکمران،سیاستدان علامہ اقبال، قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں کی دل و جان سے پاسداری کریں
دعا و مناجات کو حرز جاں بنا کرونا سمیت تمام بلاؤں کو پاک دھرتی سے حر ف غلط کی طرح مٹایا جاسکتا ہے۔آغاحامد موسوی کا خطاب
عقید ہ و وطن پر جان نچھاورکرنے کیلئے قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کا قوت بازو بنیں گے۔مخدوم التجا نقوی کا عزم
مسائل کے حل کیلئے حکومت مکتب تشیع کی نمائندہ تنظیم تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کیساتھ مربوط ہو۔خصوصی تقریب سے خطاب
مخدوم نزاکت نقوی کی خدمات کو خراج تحسین،سرپرست اعلیٰ آغا علی حسین نجفی اور ہائی کمان کی چیف آرگنائزر مخدوم التجا نقوی کو مبارکباد

اسلام آباد (ولایت نیوز ) سفیر عزا مخدوم الملک باوا سید نزاکت حسین شاہ نقوی البھاکری مرحوم کے جانشین کے طور پر مخدوم التجا نقوی کا انتخاب کرلیا گیا ۔قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے مخدوم التجا نقوی کی ذاکرین و واعظین کی نمائندہ تنظیم تحریک تحفظِ ولاء و عزا،حرمتِ سادات پاکستان کے چیف آرگنائزر کے طور پر انتخاب کی توثیق کردی ہے ۔

خصوصی تقریب دستاربندی سے خطاب کرتے ہوئے سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علمابورڈ قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ نظریہ اساسی کا تحفظ اور دین و وطن کی حرمت ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے،موجودہ تشویشناک صورتحال میں حکمران،سیاستدان اور پاکستان کے غیور عوام مفکر پاکستان علامہ اقبال اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں کی دل و جان سے پاسداری کریں اور دعا و مناجات کو حرز جاں بنالیں تو موذی کرونا سمیت تمام وباؤں اور بلاؤں کو پاک دھرتی سے حر ف غلط کی طرح مٹایا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر تنظیم کی ہائی کمان کے سینئر ارکان،علمائے کرام،ذاکرین عظام،بانیان مجالس،مختلف درگاہوں،مزارات کے سجادہ نشینوں،ماتمی سالاروں،امامباگاہوں کے متولیان نے مخدوم التجا حسین نقوی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مخدوم التجا نقوی نے دستاربندی کے بعد اس عہد کا اعادہ کیا کہ وہ عقید ہ و وطن کی آبرو پر جان نچھاورکرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے اور اپنے برادرِ بزرگ مخدوم سید نزاکت حسین شاہ نقوی مرحوم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے صرف اور صرف قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے لائحہ عمل کے پابند ہونگے جس کے تحت ولائے علی ؑ، عزائے حسین ؑ، حرمت ِ سادت،احترام مرجعیت اور مرکزیت کے پاکیزہ اصولوں کیلئے عملی جدوجہد کو آگے بڑھانے کیلئے خلوص نیت کیساتھ بھرپور کوشش کریں گے اور مکتب تشیع کی واحد نمائندہ تنظیم تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا قوت بازو بن کربیرونی امداد پر پلنے والے کالعدم گروپوں اورانکے سہولت کاروں کو اساسی عقائد و نظریات کا حکومتی فورم سمیت کسی مقام پر بھی ہر گز سودا بازی کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ سرکاری طور پرمتعدد بار کیے گئے کالعدم گروپوں او ر محراب و منبر کے غیر نمائندہ افراد کو سرکاری اجلاسوں میں مدعو کرنے سے اجتناب کریں، مکتب تشیع کی حقیقی نمائندگی کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کیساتھ مربوط ہوں جسکے سابق حکومتوں کیساتھ تحریری معاہدے ریکارڈ پر موجود ہیں تاکہ مسائل کا صحیح ادراک اور انکے حل میں آسانی ہو۔

مخدوم التجا نقوی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے کہا کہ وہ مکتب تشیع کے حقوق کی ادائیگی کیلئے ضیادور آمریت میں آٹھ ماہ پر مشتمل محاذ حسینی کے پرامن ایجی ٹیشن کے نتیجے میں ہونیوالے 21مئی85ء کے موسوی جونیجو معاہدے پر عملدرآمد کیلئے تمام مسلمہ مکاتب کے نمائندوں پر مشتمل 16رکنی شیعہ مطالبا ت کمیٹی کو ٹی این ایف جے کی مشاورت سے ازسرنو فعال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کریں تاکہ ملت جعفریہ کے دیرینہ مطالبات پر عملدرآمد کرکے قوم و ملک کو درپیش چیلنجوں اور مشکلات سے نمٹا جاسکے۔

درایں اثناء آل پاکستان بزم واعظین و ذاکرین کی نمائندہ تنظیم تحریک تحفظ ولا و عزا،حرمت سادات کے سرپرست اعلیٰ علامہ آغا سید علی حسین نجفی القمی نے مخدوم سید التجا حسین نقوی کو تنظیم کا چیف آرگنائزر مقرر ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے حالات بہتر ہونے پر ملک بھر میں تنظیم کو از سر نو فعال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی سے نئے چیف آرگنائزر مخدوم سید التجا حسین نقوی کے عہدے کی توثیق اور دستاربندی کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے انکے ہر لائحہ عمل پر بھرپور لبیک کہنے کے عہد کا اظہار بھی کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.