عالمگیر یوم عدل : راول جھیل میں امام زمانہؑ کے حضورعریضے سپرد آب؛ رقت انگیز دعائیں

ولایت نیوز شیئر کریں

نیمہ شعبان جشن امام زمانہ ؑ مذہبی جذبے کیساتھ منایا گیاراول جھیل کے کنارے عریضہ جات سپرد آب
کروناسمیت تمام مشکلات سے نجات کیلئے علامہ بشارت حسین امامی نے خصوصی دعاکرائی، مشکلات سے چھٹکار کیلئے دامن قائم آلؑ محمدتھامناہوگا
ظہورمہدیؑ موعوددنیائے مظلومیت پر احسان عظیم ہے،چوہدری عمران کے زیراہتمام دعائیہ تقریب سے علامہ قمرزیدی کا خطاب

اسلام آباد(ولایت نیوز)قائدملت ِجعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق حضرت حجت ابن الحسن العسکری علیہ السلام کا جشن وردو مسعود جمعرات کو ”عالمگیر یوم عدل“ کے طورپرمنایا گیا۔اس موقع پراحتیاطی تدابیرپرعمل کرتے ہوئے محدودپیمانے پر مساجد،امامبارگاہوں اور کھلے مقامات پر نیمہ شعبان (شب برات)خصوصی دعاؤں، دعائیہ محافل،اعمال، نوافل، مناجات میں ہر فرد مرد و زن اور چھوٹے بڑے بارگاہ ِایزدی میں موذی مرض سے نجات کیلئے گڑگڑا کر دعائیں اور آہ و زاری کر کے سجدہ ریز ہوکر شکر بجا لارہے تھے اور حاجتمندوں نے دریاؤں،نہروں میں اپنی اپنی حاجات کے علاوہ کروناسمیت تمام مشکلات مصائب وآلام سے نجات کیلئے عریضہ جات سپردِ آب کئے۔

تحریک نفاذفقہ جعفریہ ضلع اسلام آباد کی یوم عدل کمیٹی کے زیراہتمام راول جھیل کے کنارے عریضہ سپردآب کرنے سے قبل علامہ بشارت حسین امامی نے حاجات مندوں سے اپنے دعائیہ خطاب میں باورکرایاکہ اس وقت مہلک وبا کرونانے انسانیت کاجینا دوبھرکررکھاہے ہرطرف مصائب وآلام حصارہے، ظلم و دہشتگردی انتہاؤں کو چھو رہی ہے، دنیا کا ہر مظلوم و محروم مہدی موعود ؑکا منتظر ہے۔انہوں نے باور کرایا کہ عالم اسلام کے مصائب و آلام سے نجات کا واحد راستہ محمد و آل محمدؐ کے پاکیزہ اصولوں کی عملی پیروی ہے۔

انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ موذی مرض کروناسمیت تمام امراض، مشکلاتِ زمانہ سے نجات حاصل کرنے کیلئے امام زمانہ ؑ کا دامن تھامنا ہوگا۔ علامہ امامی نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا ایک عظیم مسیحا کی منتظر ہے جو ظلم و جور سے بھری دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دے گا۔

اس موقع پر عالمگیریوم عدل کمیٹی کے سیکرٹری ذوالفقارعلی راجہ نے اس عہدکااعادہ کیاکہ دینی حقوق کے حصول اورولاء و عزا کے پاکیزہ مشن میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے حکم پر ہر قسم کی قربانی پیش کرنے اوران کے ہر لائحہ عمل پر بھر پور لبیک کہنے اورمسلمہ مکاتب کے مابین تفریق پیدا کرنے کی دشمن کی ہر سازش کو ناکام کرنے کے عہد کا اعادہ کیاگیا۔

درایں اثناء ٹی این ایف جے کی یوم عدل کمیٹی کے زیراہتمام جشن امام زمانہ ؑ کی دعائیہ تقریب چوہدری عمران محمودکے زیراہتمام منعقدہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا شرق و غرب اور جنوب و شمال آخری حجت خدا اور مسیحا کی تلاش میں ہے جن کا یوم ولادت 15شعبان المعظم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آفتاب حق و حقیقت مہدی موعود اپنی نورانی شعاعوں کے طلوع مسعود سے فسق و فجور اور ظلم و جور سے لبریز دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دیں گے اس پر قرآن گواہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج پوری کائنات اور بشریت کو جس یلغار کا سامنا ہے اور وہ گونا گوں مسائل و مصائب میں گرفتار ہے ہر انسان و مسلمان پریشان ہے جسکی بنیادی وجہ و سبب عدل و انصاف کا فقدان ہے،اس لیے کہ ہر شخص حیران ہے کیونکہ وہ ایک آئیڈیل چیف جسٹس بشریت کی تلاش میں سرگردان ہے۔اس ساری قتل و غارت گری سے چھٹکارا اسی وقت ممکن ہوسکتا ہے جب ہم محمد و آل محمد علیہم السلام کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہوں اور تمام بحرانوں کے حل کیلئے عدل وانصاف کو ترجیح دیں،اسی میں ہماری سرخروئی ہے اور شیطنت و ابلیسیت کی موت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ظہور مہدیؑ یقینادنیائے مظلومیت پر احسان عظیم ہے۔محفل میں ذاکرسیدنذرعباس کاظمی، یداللہ صادقی نے قصیدہ خوانی کی۔اس موقع پرکیک بھی کاٹ گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.