یوم شہادت امام کاظم ؑ پر فقید المثال پرسہ؛مقامات مقدسہ کی بندش پرقائد ملت جعفریہ کی تشویش

ولایت نیوز شیئر کریں

ایام باب الحوائج:کورونا سمیت ہر آفت کا مقابلہ دینی و ایمانی جذبہ سے کیا جائے گا،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ
آفتوں کے دور میں اللہ اور ذوات قدسیہ سے دوری کے بجائے قربت اختیار کرنا ہوگی، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
دنیا پر شیطانوں کا راج قائم ہو رہا ہے، مقامات مقدسہ کا بند کرنا مزید مصائب کو دعوت دینا ہے جس سے شیطانی قوتوں کو تقویت ملے گی
استعمار سعودی عرب ایران کسی کا دوست نہیں،ٹرمپ کی جانب سے ایران پر پابندیاں ختم نہ کرنے کا اعلان شیطنت کا منہ بولتا ثبوت ہے
ایام باب الحوائج کے پروگراموں کے سبب کورونا کے خوف کو ختم کرنے میں مدد ملی شیعہ سنی یکجہتی و انتظامیہ لائق تحسین ہیں، مجلس سے خطاب
حضرت امام موسیٰ کاظمؑ کے یوم شہادت پرمجالس عزا وجلوسہائے تابوت کا انعقاد؛ کورونا کے خاتمے، عالم اسلام کی یکجہتی کیلئے دعائیں

اسلام آباد (ولایت نیوز)کورونا سمیت ہر آفت کا مقابلہ دینی و ایمانی جذبہ سے کیا جائے گا،امام موسی کاظم ؑ کا عزم و استقلال عالم اسلام اور پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے، سرحدوں کی محافظ پاک افواج کی قربانیاں قوم وملک کیلئے باعث افتخار ہیں،اس امر کا اظہار مرکز مکتب تشیع میں منعقدہ ایام باب الحوائج کے مرکزی پروگرام میں منظور کردہ اعلامیہ میں کیا گیا جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی اور اس کے ساتھ ہی پاکستان بھر میں ایام باب الحوائج کے سہ روزہ پروگراموں کا اختتام ہو گیا اس موقع پر جلوس تابوت برآمد ہوئے اور مجالس عز ا کا انعقاد کیا گیاجن سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام اور ذاکرین عظام نے سیرت امام موسیٰ بن جعفر ؑ الکاظم پر روشنی ڈالی پروگراموں میں انسانیت کو درپیش مہلک وباکورونا وائرس کے خاتمہ اور عالم اسلام کی یکجہتی، پاکستان کے استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

پشاور کے امام بارگاہ حیدر علی کیانی سے عظیم الشان جلوس تابوت برآمد ہوا

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آفتوں کے دور میں اللہ اور ذوات قدسیہ سے دوری کے بجائے قربت اختیار کرنا ہوگی اسلام نظافت اور پاکیزگی کا درس دیتا ہے جن پر پورا اترنے والے ہی خانہ کعبہ مسجد نبوی اور مراقد قدسیہ میں حاضری دیتے ہیں لہذا مقامات مقدسہ کا بند کرنا مزید مصائب کو دعوت دینا ہے مراقد قدسیہ شفاخانے اور ہسپتال کا درجہ رکھتے ہیں جنہیں بند کرنا سسکتی انسانیت پر ظلم کے مترادف ہے، مصائب میں اللہ اور مشاہیر اسلام سے توسل ہی نجات کا باعث ہے اسلامی مراکز سے انسانیت کو دور کر نے سے شیطانی قوتوں کو تقویت حاصل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ سے تعلق مضبوط کرنا اس لئے بھی ضروری ہے کہ دنیا پر شیطانوں کا راج قائم ہوتا چلا جا رہا ہے، ٹرمپ کی جانب سے ایران پر پابندیاں ختم نہ کرنے کا اعلان شیطنت کا منہ بولتا ثبوت ہے ان قوتوں کے منہ پر بھی طمانچہ ہے جو شیطان بزرگ کو انسانی حقوق کے تحفظ کا ٹھیکیدار سمجھتے ہیں، امریکہ کا افغان امن معاہدہ بھی دنیا کے ساتھ دھوکہ تھا جس امریکہ خود ہی پامال کررہا ہے۔آغا سیدحامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ استعماری قوتیں سعودی عرب ایران پاکستان امارات سمیت کسی مسلم ملک کی دوست نہیں مشکل کی گھڑی میں پورے عالم اسلام کو ایران کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے تاکہ امریکہ کی جانب سے عائد کردہ پابندیاں ناکارہ ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ امام موسی کاظم علیہ السلام کی ساری زندگی قیدخانوں میں گزرگئی لیکن انہوں نے اسلامی تعلیمات کے خلاف حکمرانوں کے اقدامات کے خلاف کلمہ حق بلند کرنے سے کبھی دستبرداری نہ کی آزمائشوں کے دور میں اپنی صداقت و استقامت سے زندانوں کو عبادت خانوں میں تبدیل کردیا اپنی پوری حیات میں ظالم حکمرانوں کے خوف کو پرکاہ اہمیت نہ دی۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ایام باب الحوائج کے پروگراموں کے سبب کورونا سے پھیلے خوف کو ختم کرنے میں مدد ملی پروگراموں میں وحدت و یکجہتی کا مظاہرہ کرنے پر شیعہ سنی برادران اور انتظامیہ کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

اس موقع پر قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے قوم سے شب معراج، 27رجب کو یوم مبعث الرسول ؐ اور28رجب کو یوم سفر شہادت خصوصی دعائیں کرنے کی اپیل کی کیونکہ بارگاہ خداوندی سے ربط ہی نجات کی ضمانت ہے۔درایں اثنا مرکز مکتب تشیع میں موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کے گوشے گوشے میں امام کاظم کی شہادت کے حوالے سے مجالس اور جلوسہائے تابوت منعقد ہوئے، لاہور میں موچی دروازہ، پشاور میں آغا بہادر علی کیانی کی امام بارگاہ، کراچی میں شاہ فیصل کالونی، ملتان میں آستانہ لال شاہ، راولپنڈی میں دربار سخی نذر شاہ دیوان و درباہ شاہ پیاراؒ، ڈیرہ غازی خان میں دربار آل محمد و علاقہ سخی سرورؒ، چکوال میں بارگاہ کاظمیہ وریامال، کوئٹہ میں مختار سیکرٹریٹ ہزارہ ٹاؤن میں ایام باب الحوائج کے مرکزی پروگرام منعقد ہو ئے ۔

جامعۃ المرتضی میں ام البین ڈبلیو ایف کے زیر اہتمام امام کاظمؑ کا اسیر تابوت برآمد ہوا

مرکزی امام بارگاہ جامعۃ المرتضی اسلام آباد میں ام البنین ڈبلیو ایف کے زیر اہتمام مرکزی مجلس منعقد ہوئی اور جلوس تابوت برآمد ہوا جس میں اسلام آباد راولپنڈی خیبر پختونخواہ ، اور پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہزاروں خواتین نے شرکت کی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.