حرمین و مراقد قدسیہ کی بندش لمحہ فکریہ ؛کورونا کا مقابلہ خوف کے بجائے ایمانی طاقت سے کیا جائے، وزیراعظم تفتان صورتحال کا نوٹس لیں ، آغا موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

کورونا کے خلاف وزیر اعظم کا عزم صائب، تفتان قرنطینہ سنٹر کی صورتحال کا بھی نوٹس لیں، آغا حامد موسوی
کورونا کا مقابلہ خوف کے بجائے ایمانی طاقت سے کرنا ہو گا مزارات اور مذہبی تقریبات کو کیوں پابند کیا جارہا ہے؟
بازار دفاتر اسمبلیاں کھلے ہیں انتظامیہ میلاد و مجالس کرانے والوں کو پریشان کررہی ہے، نذرو نیاز سے مرادیں مستجاب،مریض شفایاب ہوتے ہیں
حرمین شریفین اور مراقد قدسیہ کی بندش لمحہ فکریہ ہے،جو مقامات آفات میں امت کی پناہ گاہ تھے انہیں اپنے ہاتھوں بند کیا جارہا ہے
یوم امام صادقؑ پر شیعہ سنی یکجہتی کے مناظر لائق صد تحسین ہیں،ایام باب الحوائج میں خصوصی دعائیں کی جائیں، محفل سے خطاب
یوم صادق آ ل محمد ؐ عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا،دسترخوان جعفر ابن محمدؑ (کونڈوں کی نیاز) کااہتمام، وبا کے خاتمے کیلئے محافل میں دعائیں

اسلام آباد ( ولایت نیوز ) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف وزیر اعظم کا عزم صائب ہے، خدارا تفتان میں قرنطینہ سنٹر کی ناگفتہ بہ صورتحال کا بھی نوٹس لیں ناقص انتظامات مرض کے مزید پھیلا ؤ کا سبب بن رہے ہیں ،کورونا کی آفت کا مقابلہ خوف کے بجائے ایمانی طاقت سے کرنا ہو گا مزارات اور مذہبی تقریبات کو کیوں پابند کیا جارہا ہے؟، وزیر اعظم لاک ڈاؤن نہ کرنے کی بات کررہے ہیں بازار دفاتر اسمبلیاں سبھی کھلے ہیں لیکن انتظامیہ میلاد و مجالس کرانے والوں کو بے جا پریشان کررہی ہے، حرمین شریفین اور معصومین ؑ کے مراقد قدسیہ کی بندش لمحہ فکریہ ہے جو مقامات مشکلات و آفات میں امت کی پناہ گاہ اور دعاؤں کی قبولیت کی ضمانت تھے انہیں اپنے ہاتھوں بند کیا جارہا ہے، جانشین رسول ؐحضرت امام جعفر صادق ؑکی نذرو نیازکے وسیلے سے مرادیں مستجاب،مریض شفایاب ہوتے ہیں یوم امام صادقؑ کے موقع پر شیعہ سنی یکجہتی کے مناظر لائق صد تحسین ہیں، امام موسی کاظم ؑ کی شہادت کی مجالس و جلوسوں میں کورونا سے نجات، عالم اسلام کی وحدت و استحکام اور کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم صادق آل محمد ؐ پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاجو بدھ کو پورے ملک میں جوش ایمانی کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں محافل منعقد ہوئیں اور بڑے پیمانے پر نذر امام جعفر صادقؑ (کونڈوں) کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پرعالم اسلام کی سربلندی، پاکستان کے استحکام وسلامتی،کرونا کی عالمی وبا کے خاتمے کیلئے دعائیں اور مناجات کی گئیں۔۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ نمائندگان الہی کے اصولوں کو مشعل راہ بنانا کرتمام برائیوں،بیماریوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، رسول ؐ،آل رسول ؐ اور پاکیزہ صحابہ کبار کی تعلیمات سے انحراف کی پاداش میں امت مسلمہ مصائب و آلام سے دو چار ہے، اسلام کے نام پر قائم ہونے والے وطن عزیز پاکستان میں دین کی اساس اور اقدار کو بھلا دیا گیا ہے جسکی وجہ ایمان کی کمزوری ہے۔

قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے واضح کیا کہ ازروئے قرآن اولیاء اللہ کو کوئی خوف اور حزن نہیں ہوتا بلکہ وہ ہر خوف سے بے نیاز اطاعت الہی اور خدمت مخلوق کو اپنا مقصد زندگی بنا کر بندوں میں محبت و اخوت کی دولت تقسیم کرتے ہیں، آفات و بلیات سے چھٹکارے کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے کے بجائے زور حیدر ؑ، فقر بوذر اور صدق سلمانی کو شعار بنا ہوگا۔

آقای موسوی نے ارباب اقتدار پر زوردیا کہ وہ ملک میں امن و امان اور صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے خوف اور بے یقینی کی فضا ختم کریں کیونکہ مومن موت سے نہیں ڈرتا بلکہ فرمان معصوم ؑ کے مطابق موت خود انسان کی محافظ ہے جو مقررہ وقت سے پہلے نہیں آسکتی۔

درایں اثناء ٹی این ایف جے کے اعلامیہ کیمطابق حضرت امام موسیٰ کاظم ؑ کی شہادت کے سلسلے میں جمعرات23رجب کوعالمی ایام باب الحوائج کے آغازپر امام بارگاہوں میں مجالس عزا کا انعقاد اور تابوت کے جلوس برآمد ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.