انقلاب حسینی تمام اسلامی انقلابات کا منبع و سرچشمہ ہے ،دین ووطن کیلئے موت گوارہ مگر جھکنا قبول نہیں، آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

مشرق وسطیٰ ، جنوبی ایشیاء میں آزادی کی تحریکیں ظلم و جبر کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔حامد موسوی

مودی کا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے ، رام مندر کی تعمیر کا اعلان بھارتی وزیر اعظم کوتمغے دینے والے مسلم حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے

بھارت مقبوضہ کشمیر میں اسی طرح قوت صرف کررہا ہے جس طرح اسرائیل فلسطین میں ظالمانہ اقدامات کرکے فلسطینی علاقے ہڑپ کررہا ہے ظالمین کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں

مسلم حکمران ،عرب لیگ ،او آئی سی مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرکے امریکہ ،بھارت اوراسرائیل پر مشتمل استعماری ثلاثہ کا پردہ چاک کریں

اما م عالی مقام حسین ؑ ابن علی ؑ نے دنیائے انسانیت کو اپنی حیات و شہادت کے ذریعے اسلام کی روحانیت و درخشندگی سے نوازا اور معنویت اسلام کی طرف متوجہ کیا

عظیم انقلاب حسینی تمام اسلامی انقلابات کا منبع و سرچشمہ ہے ،دین ووطن کیلئے موت گوارہ مگر جھکنا قبول نہیں۔قائد ملت جعفریہ کا جشن یوم حسین ؑ کی مرکزی تقریب سے خطاب

اسلام آباد(ولایت نیوز ) سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علماء بورڈ قائد تحریک نفاذ فقہ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ مودی کا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے اور رام مندر کی تعمیر کا اعلان بھارتی وزیر اعظم کو تمغے ،تحائف اور اعزازات سے نوازنے والے مسلم حکمرانوں کے منہ پر زوردار طمانچہ اور اقوام متحدہ کے ماتھے پر کلنگ کا ٹیکہ ہے،مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے بھارت اسی طرح قوت صرف کررہا ہے جس طرح اسرائیل فلسطین میں ظالمانہ اقدامات کرکے فلسطینی علاقے ہڑپ کررہا ہے اسطرح ظالمین کے چہرے دنیاکے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں،مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیاء میں آزادی کی تحریکیں ظلم و جبر کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ڈٹی ہوئی اقوام متحدہ کی میز پر آج بھی زندگانی کا ثبوت ہیں،عظیم انقلاب حسینی تمام اسلامی انقلابات کا منبع و سرچشمہ ہے جسکا سلسلہ آزادی فلسطین و کشمیر کی صورت میں آج بھی جاری ہے،آزادی و حریت کے عظیم ترین مجاہد امام عالی مقام حسین ؑ ابن علی ؑ نے تیسری شعبان کو دنیا میں قدم رنجہ فرما کر اپنی حیات ،مبارزہ اور شہادتِ عظمیٰ کے ذریعے پوری انسانیت کو ایثار و قربانی ،فضل وشرف ،ہمدردی و شرافت کا عدم النظیر درس دیاجس پر عمل پیرا ہوکر اسلام دشمنوں کو شکست فاش سے دوچار کیا جاسکتا ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے منگل کو عالمی ہفتہ ولائے محمد ؐ و آل محمد ؐ کی مناسبت سے نواسہ رسول ؐ دلبندِ علی ؑ و بتول ؐ حضرت امام حسین ؑ کے یوم ولادت پرنور کے موقع پر مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آقای موسوی نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ بھارت نے اقلیتوں پر مظالم ،دلت ،مسلمانوں،سکھوں اور کشمیریوں کو تختہ ظلم بنا نے سے توجہ ہٹانے کیلئے آغاز ہی سے پاکستان کو ٹارگٹ بنا یا ہوا ہے جس پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کی پاکستان میں دہشتگردی کی وارداتیں اور دہشتگردوں کی سرپرستی ،فنڈنگ کی کاروائیاں کسی سے پوشیدہ نہیں،را کے خطرناک جاسوس کل بھوشن کی رنگے ہاتھوں گرفتاری اسکاناقابل تردید ثبوت ہے۔آقای موسوی نے کہا کہ کشمیریوں پر بے پناہ بھارتی مظالم ، قتل عام اور کشمیروفلسطین میں اسرائیلی غنڈوں کے ظلم و بربریت پر بھارتی و کشمیری مظلوم عوام سراپا احتجاج ہیں۔انہوں نے مسلم حکمرانوں ،عرب لیگ اوراو آئی سی پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم کو بے نقاب کرکے دنیاپر امریکہ ، یہود و ہنود پر مشتمل استعماری ثلاثہ کا پردہ چاک کریں۔

قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے باورکرایا کہ شکر منعم واجب ہے اور رشد و ہدایت سے بڑھ کر کوئی نعمت نہیں۔انہوں نے کہا کہ انبیاء و مرسلین وہ ذواتِ قدسیہ ہیں جو اپنے کردار و عمل سے انسانیت کی رہنمائی کرکے اجرِ رسالت ؐ کے حقدار قرارپائے۔انہوں نے کہا کہ حضورؐ اکرم افضل انبیاء اور خاتم المرسلین ؐ ہیں جنہیں تبلیغ دین کیلئے بے پناہ مشکلات کا سامنا رہالیکن آپ ؐ نے انسانیت کو کفر و شرک کے اندھیروں سے نکال کر انسانیت ساز راہ پر گامزن اور ایک مکمل نظام فراہم کیا جسکی اساس سنہری قرآنی اصولوں پر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فرمانِ ختمی مرتبت ؐ ہے کہ ازروئے قرآن میری اہلبیت ؑ کی محبت پوری امت پر بطورِ اجررسالت ؐ واجب ہے جن کی مودۃ کے سوا میں تم سے کچھ نہیں مانگتا لہذا ضروری ہے کہ ان مقدس ہستیوں کی شناخت و آگہی اور معرفت حاصل کی جائے ۔آقای موسوی نے کہا کہ اما م عالی مقام حسین ؑ ابن علی ؑ نے دنیائے انسانیت کو اپنی حیات و شہادت کے ذریعے دین اسلام کو روحانیت ،نورانیت اور درخشندگی سے نوازا اور انہیں معنویت اسلام کی طرف متوجہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ 4شعبان المعظم علمدارِ لشکرِ حسینی حضرت غازی عباس ؑ ابن علی ؑ کا یوم ولادت پرنور پوری دنیائے عہدِ وفا کیلئے روشن پیغام ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں اسلام سے عہدِ وفاپورا کرنے سے نہیں روک سکتی،مولا عباس ؑ نے اپنے بازو کٹا کر وفا کر وہ چراغ روشن کیے جنہیں کفر و الحاد کی آندھیاں کبھی نہیں بجھا سکتیں،دین و وطن کیلئے ہمیں موت قبول ہے مگر شیطانی قوتوں کے مقابل جھکنا ہر گز قبول نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.