آج بھی زندہ مرا عباسؑ ہے ؛روضہ عباسؑ کی جانب سے روضہ زینبیہؑ کی بحالی کے اقدامات

ولایت نیوز شیئر کریں

روضہ عباسؑ کی جانب سے روضہ زینبیہؑ کی بحالی کے اقدامات

فرزند ام البنین کے خدام کی جانب سے  شریکۃ الحسین ؑ کے مزار کی بحالی ، مرمت اور جدیدیت کا چھٹا سیشن مکمل

روضہ حضرت زینب سلام اللہ علیہا کو معطر کرنے کے لئے وہ خوشبو استعمال کی گئی جو روضہ حضرت عباس علیہ السلام کو معطر کرنے کے لئے استعمال کی جاتی ہے

دمشق ( ولایت مانیٹرنگ ڈیسک ) جس عباس ؑ کے سہارے ثانی زہراؑ سیدہ زینب بنت علی ؑ نے مدینہ سے کربلا کا سفر کیا، جس عباس ؑ کو یاد کرتے نبی ؐ کی نواسی نے کربلا سے دمشق تک تحفظ دین و شریعت کا عظیم مرحلہ طے کیا، اس ام المصائبؑ کے روضے پر خدام روضہ حضرت عباسؑ کی جانب سے بحالی اور مرمت کے کئی سیشن کئے جا چکے ہیں ۔ گو یا آج بھی فرزند ام البنین کا روضہ  آقا زادی کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے۔

اب بھی علم کا سرخ بھریرا زینب زینب ؑ کہتا ہے

روضہ مبارک حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی بحالی اور مرمت کے سلسلہ میں جاری منصوبہ کے چھٹے مرحلہ کے تحت روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے خدام گذشتہ کئی دنوں سے حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے مزار اور ضریح مبارک کی مینٹینس  میں مصروف تھے اور اب اس مرحلے کے تمام کام مکمل کئے جا چکے ہیں۔

چھٹے مرحلے کے اختتام پر حضرت عباس علیہ السلام کے خدام نے حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے مزار اور ضریح مبارک کو دھویا اور خوشبو سے معطر کیا۔ روضہ مبارک حضرت زینب سلام اللہ علیہا کو معطر کرنے کے لئے خصوصی طور پر وہ خوشبو استعمال کی گئی جو روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کو معطر کرنے کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔

روضہ مبارک حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے ڈائریکٹر انجینئر محسن حرب نے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے کی جانے والی کوششوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا:” یہ مسلسل چھٹی دفعہ ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام نے روضہ مبارک حضرت زینب علیہ السلام کی بحالی ، مرمت اور جدیدیت کے لیے کام کیا اور اپنی ٹیکنیکل ٹیمیں یہاں روانہ کیں۔ یہ تمام کوششیں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی روضہ مبارک حضرت زینب علیہ السلام سے سنجیدگی اور عقیدت کی مظہر ہیں۔ ہم ان تمام لوگوں کا جنہوں نے اس کام کی منصوبہ بندی کی اور جنہوں نے یہ کام کیا ان سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور روضہ مبارک کے سینئر آفیشل سے لے کر تمام خدا م کے تہ دل سے مشکور اور ان سب کے لئے خدا کی رحمت اور کامیابی کے خواستگار ہیں۔”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.