کشمیردہشت گردی – سعودی دورہ کڑیاں مربوط: پلوامہ حملہ بھارت نے خود کرایا،موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

خود ساختہ سانحات کروا کرانکا الزام پاکستا ن پر دھر دینا بھارت کا ازلی شیوہ ہے ۔حامد موسوی

بھارت کے پیٹ میں اسوقت امریکہ طالبان پاکستان بات چیت ، سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کامروڑ ہے

مودی جنتا نے اقلیتوں کا جینا دوبھر کررکھا ہے مسلمانوں پر مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں رہے،بھارت میں دو درجن سے زائد آزادی کی تحریکیں کام کررہی ہیں

بھارتی فوجی غنڈوں کو کھلی چھٹی ہے کوئی دن کشمیریوں کی لاشیں گرنے سے خالی نہیں،مودی پاکستان کو پانی کی بوند بوند کو ترسانے کی دھمکیاں دے رہا ہے

وطن عزیز اندرونی و بیرونی دشمنوں میں گھرا ہوا ہے ،قوم سیاسی اختلافات ختم کرکے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عساکر پاکستان کی پشت پر ایستادہ ہوجائے

عساکر پاکستان دہشتگردوں کی کمر توڑنے پر تمام تر قوت صرف کررہے ہیں۔قائد ملت جعفریہ کا ریجنل کمانڈر مختارفورس فیصل آباد کی سرکردگی میں عمائدین سے خطاب

اسلام آباد( ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرستِ اعلیٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں خو د کش حملہ بھارت کا اپنا کیا دھرا ہے جو سیکولر اسٹیٹ ہونے کا دعویدار لیکن ہندو تویٰ پر عمل پیرا ہے،خود ساختہ سانحات کروا کرانکا الزام پاکستا ن پر دھر دینا بھارت کا ازلی شیوہ ہے ،اسوقت اسکے پیٹ میں اصل مروڑ امریکہ طالبان پاکستان بات چیت اور سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ہے جو اسے ہضم نہیں ہورہا،اسوقت پاکستان اندرونی و بیرونی دشمنوں میں گھرا ہوا ہے لہذا ہمیں تمام سیاسی اختلافات ختم کرکے قومی یکجہتی و یگانگت کا مظاہرہ کرکے عساکر پاکستان کی پشت پر ایستادہ ہوجانا چاہیئے تاکہ داخلی و خارجی سازشوں ، شرارتوں کو ناکام کیا جاسکے اور دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی لازوال قربانیاں رنگ لا سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مختارفورس فصیل آباد ریجن کے کمانڈر نوید عباس بلوچ کی سرکردگی میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آقای موسوی نے باورکرایا کہ مودی جنتا نے بھارت میں اقلیتوں کا جینا دوبھر کررکھا ہے جسکے مسلمانوں پر مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ، بھارت میں دو درجن سے زائد آزادی کی تحریکیں کام کررہی ہیں ، پون صدی سے کشمیر کے بڑے حصے پر قابض بھارت نے مظلوم کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کررکھا ہے اور وہاں آج بھی ظلم کا بازار گرم ہے ،سات لاکھ سے زائد بھارتی فوجی غنڈوں کو کھلی چھٹی ہے کوئی دن کشمیریوں کی لاشیں گرنے سے خالی نہیں،گزشتہ ہفتے بھارتی فوج نے کلکام میں نصف درجن کے قریب کشمیری جوان شہید کیے ،دوسری جانب مودی پاکستان کو آئے دن جارحیت کی دھمکیاں دیتا رہتاہے جس نے یہاں تک کہہ دیاہے کہ پاکستان کو پانی بند کرکے بوند بوند سے ترسایا جاسکتا ہے۔انہوں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ لائن آف کنٹرول پر عرصہ دراز سے بلا اشتعال فائرنگ کرکے درجنوں کشمیری شہید اور زخمی کردیئے گئے ہیں۔آقای موسوی نے واضح کیا کہ بھارت کی تمام اشتعال انگیزیوں اور جارحانہ کاروائیوں کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ امن و استحکام کیلئے بھارت کو مدعو کیا جسکے قیدیوں کو قونصلر رسائی تک دی گئی مگر اس نے ہمیشہ منہ میں رام رام اوربغل میں کلاشنکوف کا رویہ اپنایا۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا پر واضح ہوچکا ہے کہ گزشتہ ربع صدی سے پاکستان میں جاری دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے اور یہ سب کچھ عالمی سرغنے کی سرپرستی میں کیا جارہاہے حالانکہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کرنے کے باوجود آج بھی امریکہ طالبان مذاکرات میں ممد و معاون ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستا ن کو دہشتگردی نے براستہ افغانستان اپنی لپیٹ میں لیا جبکہ نائن الیون سے پہلے پاکستان پرامن اور محفوظ ترین ملک تھا مگر عالمی سرغنے کا ساتھ دینے سے پاکستان بدترین دہشتگردی کا شکار ہوگیا ،پون لاکھ سے زائد عساکر پاکستان کے سپوت وطن عزیز کی بقاء و سلامتی پر قربان ،معیشت تباہ اور شہرو دیہات اجاڑ دیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف راہ نجات ،سوات اور رد الفساد آپریشن کیے گئے جبکہ رد الفساد آپریشن اب بھی جاری ہے مگر تاہنوز دہشتگردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہوسکا جبکہ عساکر پاکستان دہشتگردوں کی کمر توڑنے پر تمام تر قوت صرف کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو پہلے مشرقی سرحد پر اپنے دشمن کا سامنا تھا لیکن اسوقت مغربی سرحد بھی غیر محفوظ ہے جبکہ پاکستان نے افغان مہاجرین کو بھائی گردان کر پناہ دی لیکن کچھ قوتیں غیر ملکی ایجنسیوں کیلئے کام کررہی ہیں جن کا مقصد پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.