پوری دنیا انسانی و مذہبی آزادیاں پامال کرنے پر یواین امریکہ کو بلیک لسٹ کرے ،آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

پاکستان 75ہزار جانوں کے نذرانے پیش نہ کرتا تو آج پوری دنیا میں دہشتگردی کا راج ہوتاعالمی کاز کیلئے پاکستانی معیشت بھی قربان ہوگئی

ممبئی حملوں کا ڈرامہ نائن الیون کا چربہ تھا جسکا مقصدپاکستان پر لشکر کشی کی راہ ہمواہ کرنا تھا،فوج اور قوم کی قربانیوں نے ملک کو خوفناک سازش سے بچا لیا

بربریت کا چیمپئین امریکہ انسانی حقوق کاٹھیکیدار نہ بنے ، منافقین ثلاثہ امریکہ،بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ انسانیت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے

عزاداری امام حسین ؑ مظلومین کا موثر ترین احتجاج اور قصر ہائے ظلم و ستم گرانے کا پرامن ترین لائحہ عمل ہے، برطانیہ اور اٹلی کے وفود سے قائد ملت جعفریہ کا خطاب

اسلا م آباد ( ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ پوری دنیا کی انسانی و مذہبی آزادیاں پامال کرنے کی پاداش میں اقوام متحدہ امریکہ کو بلیک لسٹ کرے ، امن کے خواہاں ادارے اورممالک امریکہ اور اس کے پٹھوؤں پر پابندیاں عائد کریں ، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اگر پاکستانی 75ہزار جانوں کے نذرانے پیش نہ کرتے تو آج پوری دنیا میں دہشتگردی کا راج ہوتا عالمی کاز کیلئے پاکستانی معیشت بھی قربان ہوگئی ، ممبئی حملوں کا ڈرامہ نائن الیون کا چربہ تھا جسکا مقصد افغانستان کی طرح پاکستان پر لشکر کشی کی راہ ہمواہ کرنا تھا افواج پاکستان اورریاستی اداروں کی جرات اور قوم کی قربانیوں نے وطن عزیز کو خوفناک سازش سے بچا لیا، منافقین ثلاثہ امریکہ،بھارت اوراسرائیل کا گٹھ جوڑ انسانیت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے،ظلم و بربریت کا چیمپئین امریکہ انسانی حقوق کاٹھیکیدار نہ بنے انسانی حقوق اور اقلیتوں کے تحفظ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے ،عزاداری امام حسین ؑ مظلومین کا موثر ترین احتجاج اور قصر ہائے ظلم و ستم گرانے کا پرامن ترین لائحہ عمل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن غلامان حضرت عباس ؑ برطانیہ کے صدر سید محمود حسین شاہ اور اٹلی کے عزادارملک محسن حیدر کی زیر سرکردگی اوورسیز پاکستانیوں کے وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ امریکہ اور ٹرمپ اسلام و پاکستان دشمنی میں اندھے ہوچکے ہیں سمجھوتہ ایکسپریس ،گجرات میں قتل عام ،بابری مسجد کی مسماری ،دلتوں ،سکھوں ،عیسائیوں اور مسلمانوں پر ہونیوالے بھارتی مظالم استعماری سرغنہ امریکہ کو نظر نہیں آتے،ایمنسٹی انٹرنیشنل ،اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے یہ اعتراف کیا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی پامالی اورتاراجی مقبوضہ کشمیر میں کی جارہی ہے اور اسرائیل تو بھارت سے بھی چار قدم آگے ہے مشرقی یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت بنانے کے اعلان کے بعد فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی شدت میں مزیداضافہ ہوچکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ فکریہ ہے کہ امریکہ کی بلیک لسٹ میں بھارت و اسرائیل شامل نہیں بھارت و اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور اقلیتوں کے حقوق کی پامالی پر امریکی خاموشی سے واضح و عیاں ہے کہ ان ممالک کو ابلیس اعظم امریکہ کی مکمل تائید حاصل ہے، الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق امریکہ نے مسلم ممالک اور امریکی مفادات کیلئے چیلنج بننے والے ممالک کو بلیک لسٹ میں شامل کردیا ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ امریکہ نے نائن الیون کا بہانہ بنا کر افغانستان کوتہس نہس کیا پھر عراق ،لیبیا کو جنگ کی آگ میں جھونکا بھارت نے بھی ممبئی حملوں کا ڈرامہ رچا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکی اور سارا الزام پاکستان پر دھرتا رہا مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے ممبئی حملوں میں ملوث عناصر کی گرفتاری پر پچاس لاکھ ڈالر کے انعامات کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر ہر سمت سے وار کئے جارہے ہیں بھارتی آرمی چیف کی گیڈر بھبھکیاں جاری ہیں امریکہ بھی پاکستان پر الزامات لگارہا ہے اور پاکستان کو مذہبی خلاف ورزیوں کا الزام لگا کر بلیک لسٹ میں شامل کرکے نیا کھیل کھیلنے کی کوشش کی ہے ، دوسری طرف ٹرمپ پاکستان کو خط لکھ رہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات میں ہماری مدد کی جائے حکومت ہو شیار رہے مومن ایک سوراخ سے بار بار نہیں ڈسا جاسکتا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ آج پاکستان کو دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑنے کے سبب بدترین معاشی مسائل کا سامنا ہے پاکستان 30کھرب سے زائد کا مقروض ہوچکا ہے اسکے باوجود ہمارا ازلی دشمن ہمارے پیچھے پڑا ہوا ہے ۔آئے روز سرحدی علاقوں پر گولہ باری کی جاتی ہے اور جب چاہے پاکستان کا پانی روک کر کھیتیوں کو بنجر کی اجارہا ہے اور جب چاہے سیلاب کی صورت کھول کر آبادیوں کو تباہ کر دیا جاتا ہے،حکومت سفارتی پالیسی کو مضبوط بناتے ہوئے اقوام عالم پر بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرے ، پاکستان کی قربانیوں کا احساس دلائے تا کہ وطن عزیز کو بحرونوں سے نکالا جا سکے۔

قائد ملت جعفریہ آقائے موسوی نے اوور سیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ مظلومین کشمیر و فلسطین کی حالت زار کی جانب دنیا کو متوجہ کرنے کیلئے تمام تر توانائیاں صرف کی جائیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.