یوم آزادی’ یوم نعمت ‘ ہے مدنی ریاست کا ماڈل بنانے کیلئے تمام مکاتب کے حقوق کی ادائیگی یقینی بنائی جائے مسلم ممالک پرپابندیوں کی مذمت، سپریم کونسل تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا اجلاس اختتام پذیر

ولایت نیوز شیئر کریں

جنت البقیع کے گرد جالیاں لگا کر عوام کو زیارت سے محروم کرنا اسلامی تعلیمات کی خلاف ورزی ہے، سپریم کونسل ٹی این ایف جے کی جانب سے کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی سازش کی مذمت

مذہبی لسانی جماعتوں کی بیرونی ایڈ قومی امن و وحدت کیلئے ایڈز سے زیادہ مہلک ہے مذہبی رہنماؤں کے اثاثے بھی چیک کئے جائیں

کالعدم جماعتوں کی محض کھالیں جمع کرنے پرپابندی کافی نہیں عملی سرگرمیوں،امن کمیٹیوں میں شمولیت سے روکا جائے ، ایکشن پلان پر عمل کیا جائے

 مسلم ممالک اپنی اقتصادیات کو امریکی تسلط سے آزاد کرائیں،ا یک دوسرے کو فتح کرنے کے بجائے ملت واحدہ بنیں

خارجہ پالیسی کی مردگی ختم‘ مغربی ثقافتی یلغار روکی جائے سیاستدان اقتدار کے ساتھ اقدار کی بھی فکر کریں، اختتامی سیشن میں عالمی و ملکی امور پر قراردادوں کی منظوری

اسلام آباد( ولایت نیوز)سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی ٰقائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی صدارت میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی سپریم کونسل کا دوروزہ اجلاس آمدہ محرم الحرام سمیت دیگر اہم قومی و تنظیمی امور پر فیصلوں اور ملکی و بین الاقوامی معاملات پر قراردادوں کی منظوری کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔ایام عزاکیلئے پالیسی ضابطہ عزاداری کا اعلان قائدتحریک آغا سید حامدعلی شاہ موسوی محرم الحرام سے قبل کریں گے ۔ٹی این ایف جے کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سیدقمرحیدرزیدی کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم آزادی کو یوم نعمت کے طور پر منایا جائے گا پاکستان کو ہر گزگروہی سٹیٹ نہیں بننے دیا جائے گا، اس موقع پر منظور کردہ قرارداد میں نومنتخب حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ مدنی ریاست کا ماڈل بنانے کیلئے تمام مکاتب کے حقوق کی ادائیگی یقینی بنائی جائے مکتب تشیع کو نظریاتی کونسل سمیت تمام اسلامی ریاستی اداروں میں برابر کی سطح پر نظریاتی نمائندگی دی جائے، دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے سی پیک کے مشرقی مغربی روٹ پر دہشت گردی کے واقعات لمحہ فکریہ ہے ڈیرہ اسمعیل خان ٹارگٹ کلنگ گلگت بلتستان میں چوکی پر حملے و سکولوں کو جلانے والے مجرموں کو شکنجے میں جکڑا جائے ۔

قرارداد میں باور کرایا گیا کہ مذہبی لسانی جماعتوں کی بیرونی ایڈ قومی امن و وحدت کیلئے ایڈز سے زیادہ مہلک ہے مذہبی رہنماؤں کے اثاثے آمدن اخراجات کا بھی احتساب کیا جائے سب سے پہلے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اپنے آپ کو پیش کرتی ہے،کالعدم جماعتوں کو محض کھالیں جمع کرنے سے روکنا کافی نہیں کام کرنے سے بھی روکا جائے کالعدم تنظیمیں نئے پرانے ناموں سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں سیاسی اتحادوں میں شامل ہیں جو باعث تشویش ہے، کالعدم تنظیمو ں کی امن کمیٹیوں میں شمولیت کو روکا جائے ،عشرہ محرم پڑھنے والے علماء و ذاکرین پر پابندیوں کے گھسے پٹے اقدامات نہ دہرائے جائیں ۔

ٹی این ایف جے سپریم کونسل میں منظور کردہ ایک قرارداد میں امریکہ کی جانب سے پاکستان ترکی ایران پر پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنی اقتصادیات و معاشیات کو امریکی تسلط سے آزاد کرائیں ایک دوسرے کو فتح کرنے کے بجائے ملت واحدہ بن کر کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے متفقہ موقف اپنائیں ،باہمی تنازعات اوآئی سی کے فورم پر حل کریں یمن میں بچوں کی بس پر حملہ دل سوز سانحہ ہے یمن پر اتحادی افواج کے حملے رکوائے جائیں تاریخی اسلامی مقامات کا تحفظ یقینی بنایا جائے،بحرین قطیف نائجیریا میں انسانی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے مسلمانوں کی باہمی چپقلش سے اسلام دشمن قوتیں فائدہ اٹھارہی ہیں۔

ایک قرار داد میں جنت البقیع کے گرد جالیاں لگا کر عوام کو اہلبیت اطہار پاکیزہ صحابہ کبار امہات المومنین کی قبور کی زیارت تک سے محروم کر دینے کو اسلامی تعلیمات کی خلاف ورزی قرار دیا گیا کیونکہ تمام کتب احادیث میں قبور کی زیارت کی فضیلت بیان کی گئی ہے۔اجلاس میں منظور کردہ ایک قرار داد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ڈیمز کی تعمیرکیلئے فوری ہنگامی پلان مرتب کیا جائے ، بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کے جواب میں عالمی فورموں پر موثر انداز میں پاکستان کو کیس پیش کیا جائے ۔

اجلا س میں بھارت کی مودی سرکارکی جانب سے آئین کی دفعہ370اور اس کی ذیلی شق 35A کو ختم کرکے کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی بھرپور مذمت کی گئی اور حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ کشمیر کی ڈیمو گرافی کو تبدیل کرکے مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنے کی بھارتی سازش کو عالمی فورموں پر بے نقاب کرے ، کشمیر کمیٹی کو فعال کیا جائے اورتحریک حریت کشمیر کو صحیح معنوں میں سپورٹ کیا جائے۔قرار داد میں نئی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ خارجہ پالیسی کی مردگی ختم کی جائے پاکستان کے دیرینہ دوست ممالک کی بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی قربت تشویشناک ہے اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کو ترجیح دی جائے امریکہ کی پرواہ کئے بغیر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کیا جائے ، ملک میں بیروزگاری و مہنگائی کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جائیں ، مغرب و ازلی دشمن بھارت کی ثقافتی یلغار کا مقابلہ کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں سیاستدانوں کو صرف اقتدار کی پڑی ہے جبکہ غیر اسلامی ثقا فتی یلغار پاکستان کی اسلامی و تہذیبی اقدار کو کھوکھلا کئے جا رہی ہے جسے روکنے کیلئے مربوط و منظم حکمت عملی بنانا اشد ضروری ہے۔

تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے 5ذوالحجہ کو صحابی رسول ؐحضرت ابوذر غفاری کی وفات مناسبت سے ’یوم صحابیت ‘، حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے 7ذوا لحجہ کو ’یوم باقر العلوم ‘، شہادت حضرت مسلم ابن عقیل و فرزندان ۹ذوالحجہ کو ’یوم سفیر حسینیت ‘حضرت زینب بنت علی ؑ کی شہادت 16ذوالحجہ ’یوم شریکۃ الحسین ؑ ‘، 17تا24ذوالحجہ ’ہفتہ ولایت ‘، 27تا اختتام ذوای الحجہ ’ایام استقبال محرم ‘ منانے کا اعلان کیا گیا۔

اس موقع پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی سپریم کونسل کے اراکین نے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی بصیرت افروز قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ہر حکم پر لبیک کہنے کے عہد کا اعادہ کیا۔ اختتامی سیشن سے سیکرٹری جنرل سید شجاعت علی بخاری ، صوبائی صدور و نمائندگان علامہ حسین مقدسی ، علامہ محسن ہمدانی، مخدوم ظفر عباس نقوی ،چوہدری لعل خان ، ذوالفقار جمیل ، مولانا اجلال حیدر، مختار بنگش، جاوید علی مٹھانی ، علامہ وقار تقوی ، عمار یاسر، سردار طارق جعفری ، مصطفی کمال چنگیزی ، مردان علی، حسین سبزواری ، یعسوب الدین موسوی ، علامہ اظہر عباس حیدری ، حاجی مختار شاہ ،ایم ایچ جعفری ، علاحیدر، رائے مزمل حسین ، مولانا موسی رضا الحسینی ، مولانا فیروز حیدر، زین العباس موسوی ، چوہدری خالد محمود، علامہ مطلوب تقی ، علامہ بشار ت حسین امامی سمیت دیگر اراکین سپریم کونسل نے خطاب کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.