فیصل آباد:کوئی غیرت مند رسول ؐ کی ماں  پیاری بیٹی، صحابہ کرامؓ کے مزارات کی بے حرمتی پر خاموش نہیں رہ سکتا، علامہ سرحدی

ولایت نیوز شیئر کریں

جنت البقیع و جنت المعلیٰ میں مسمار شدہ مزارات مقدسہ کی عظمت رفتہ بحال کی جائے۔ٹی این ایف جے فیصل آباد

اسلامی آثار و حرمین شریفین کے دشمن دہشت گردوں کے خلاف عالم اسلام مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرے ۔عبد الحسن سرحدی

فیصل آباد( ولایت نیوز)قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق8شوال عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع دنیا بھر کی طرح پورے پاکستان میں عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔اس موقع پر ٹی این ایف جے فیصل آبادکے کارکنان نے پریس کلب سے ماتمی احتجاجی ریلی نکالی جس کی قیادت علامہ آغا عبد الحسن سرحدی، مولانا سلیم رضا، مولانا صابر حسین بلوچ، مولانا علی رضا، مولانا کاظم شیراز، ریجنل ناظم الامور نذر علی رانا، ضلعی صدرسید علی رضوان مہدی ،نائب صدر سید نفیس شاہ،ذیشان بھٹی، علی رضا بسرااور دیگر عمائدین نے کی۔

ریلی کے شرکاء نے احتجاجی بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر جنت البقیع کی تعمیر کے حق میں نعرے درج تھے۔ ایک قرارداد کے ذریعے مظاہرین نے مسلم حکمرانوں ، او آئی سی اور اقوام متحدہ ، خادمین حرمین شریفین سے مطالبہ کیاکہ وہ جنت المعلی اور جنت البقع کے تاریخی قبرستانوں میں آسودہ خاک 9امہات المومنینؓ ، دخترِ رسول اکرم ؐ خاتونِ جنت مادرِ حسنین کریمین حضرت فاطمہ زہراؑ ، امام حسن ؑ ، امام زین العابدین ؑ ،امام محمد باقر ؑ اور امام جعفر صادق اور مقتدر صحابہ کبارؓکے 1924میں آل سعود کے ہاتھوں مسمار کیے گئے مزاراتِ مقدسہ کی ازسر نو تعمیر کرکے انکی عظمت رفتہ بحال کریں۔

مظاہرین نے نوحہ خوانی کرتے ہوئے ضلع کونسل چوک تک مارچ کیاجہاں مشاہیر اسلام کے مزرارت کی بے حرمتی کے خلاف زبردست ماتمی احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آغا عبدالحسن سرحدی نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد مسلم حکمرانوں کے مردہ ضمیروں کو جھنجھوڑنا ہے جو عالم انسانیت کے اس عظیم ورثہ کی تاراجی پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، عالمی ورثے کے نام نہاد پاسبانوں کی منافقت کو بے نقاب کرنا مشاہیر اسلام کے ساتھ ہونے والے ظلم عظیم پر آواز احتجاج بلند کرتے ہوئے اجر رسالت ادا کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کیا کوئی غیرت مند مسلمان رسول ؐ کی ماں ، اپنی ماؤں، صحابہ کرامؓ اور جنت کے سرداروں کے مزارات کی بے حرمتی پر خاموش رہ سکتا ہے ؟؟ ۔انہوں نے یونیسکو،اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی ادارواں سے مطالبہ کیا کہ عالمِ بشریت کے مشترکہ تاریخی وروحانی ورثہ کو تباہ و برباد کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لاکر مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے ،مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو کھلا شہر قراردیا جائے تاکہ مسلمانانِ عالم برگزیدہ ہستیوں کیساتھ عقیدت کا اظہار اپنے عقیدے اور ثقافت کے مطابق کرسکیں۔

ایک قرارداد میں کشمیر، فلسطین ،برما ، بحرین، یمن ،لیبیا،شام، عراق، افغانستان ،قطیف، عوامیہ اور دیگر اسلامی ممالک میں ظلم کی چکی میں پسنے والے بے گناہوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔قرارداد میں واضح کیا گیا کہ وطن عزیز کا قیام بے پناہ قربانیوں سے ممکن ہوا لہذا مادر وطن کے تحفظ کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بھی بہا دیں گے ہمارا مطالبہ ہے کہ بانیان پاکستان کے تصورات اور اعلانات کے مطابق مکتب تشیع کو برابری کی سطح پر حقوق دےئے جائیں ۔قرارداد میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی بصیرت افرز قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عہد کا اظہار کیا گیا کہ مکتب تشیع کے حقوق ،عقائد حقہ کے تحفظ ،وحدت و اخوت کے فروغ اور دین و وطن کی سربلندی کیلئے ان کے حکم پر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.