عالمی یوم القدس حمایت مظلومین : تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی کال پر ملک گیرمظاہرے اور احتجاجی ریلیاں

ولایت نیوز شیئر کریں

اسلام آباد ( ولایت نیوز)سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علماء بورڈ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس حمایت مظلومین ملک بھر میں مظلومین عالم سے اظہار یکجہتی کے جذبے کیساتھ منایا گیا۔ اس موقع پروفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھرکے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قبلہ اول کی آزادی،مظلومین کشمیر و فلسطین کی حمایت ، صیہونی وبھارتی بربریت اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی یوم القدس حمایت مظلومین کے موقع پر قبلہ اول کی آزادی،مظلومین کشمیر و فلسطین کی حمایت ، صیہونی وبھارتی بربریت اور دہشت گردی کے خلاف دربار سخی محمود بادشاہ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔آبپارہ چوک میں علامہ بشارت حسین امامی نے قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کاپیغام پیش کیاکہ جس میں انہوں نے باورکرایاکہ آج بھی مسلمانوں کا قبلہ اول مسلمانوں کی غیرت کو جھنجھوڑ رہا ہے لیکن افسوس کہ مسلم حکمرانوں کے ضمیر مردہ ہو چکے ہیں جن کی پہلی اورآخری ترجیح اقتدارکا دوام اور بادشاہتوں کی حفاظت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ القدس کی آزادی کیلئے جو رسمی آواز پہلے اٹھا کرتی تھی آج وہ بھی ختم ہو چکی ہے ،اس وقت صیہونی و استعماری سازشوں کے طفیل اور عرب حکمرانوں کی مفاد پرستی و تنگ نظری کی وجہ سے جو حالات پید اہوئے ہیں اس سے فلسطین کی آزادی اور القدس کی بازیابی ایک سوالیہ نشان بن گئی ہے کیونکہ بیشتر عرب ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کر رکھا ہے ،بعض ریاستوں کے اس سے خفیہ تعلقات ہیں ،خود مسلم ریاستوں میں مقامات مقدسہ کا جو حشر کیا جارہا ہے اس سے اسرائیل پر کسی مسلک و مذہب کے مقدس آثار کی حرمت کی پابندی کا عالمی برادری کااخلاقی دباؤ بھی ختم ہو گیا ہے ۔

آقای موسوی نے واضح کیاکہ جب مسلمان خود اپنے مقامات مقدسہ پامال کریں گے توغیروں سے نیکی کیاتوقع کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے اس مرپرگہری تشویش کااظہارکیاکہ سرزمین حجاز پر صرف5فیصد اسلامی آثار باقی رہ گئے ہیں ،پوری دنیا میں مساجد میں دھماکے معمول بن چکے ہیں ،نام نہاد جہاردی تنظیموں نے عراق شام بحرین سے پاکستان افغانستان تک انبیاء اہلبیت اطہار صحابہ کبار کے مزارات کی تباہی کا خوفناک سلسلہ شروع کر رکھاہے جس سے غیروں کو بھی شہ مل رہی ہے، بابری مسجد گرادی گئی لیکن کسی ایک عرب ملک نے بھارت سے سفارتی تعلقات ختم نہ کئے ،ایسے میں اسرائیل سے بیت المقدس کی آزادی اور بے حرمتی نہ کرنے کا کوئی مطالبہ بھی کرے تو اس کا کیا اثر ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان کی مقدس ساعتوں میں یوم القدس حمایت مظلومین منانے کا مقصد عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنااور مسلم حکمرانوں کو خواب غفلت سے بیدار کرنا ہے تاکہ مسلمانوں کے سینے پر لگے گھاؤ کا علاج کیا جاسکے ۔اور دنیا بھر کے مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرکے ایمانی و دینی فریضہ کو پورا کے اجاسکے ۔

ٹی این ایف جے اسلام آبادالقدسحمایت مظلومین ریلی کی قیادت علامہ بشارت حسین امامی کے علاوہ علامہ گفتارحسین صادقی ، علامہ سیدفصاحت نقوی ، مولانامیثم گردیزی، علامہ رفاقت حسین نقوی، ذوالفقارعلی راجہ ، پروفیسرغلام عباس حیدری اور دیگررہنما کررہے تھے۔بعدازاں شرکائے ریلی واپس دربار سخی محمود شاہ بادشاہ پہنچ کر پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

راولپنڈی میں ٹی این ایف جے کی ضلعی یوم القدس حمایت مظلومین کمیٹی کے زیراہتمام امامبارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے مرکزی ریلی نکالی گئی مظاہرین کمیٹی چوک میں پرجوش نعرے لگاتے ہوئے پرامن طورپرمنتشرہوگئے ۔عالمی یوم القدس حمایت مظلومین کے دفتر میں موصولہ اطلاعات کے مطابق کوئٹہ ہزارہ ٹاؤن ،پریس کلب پشاور ،ڈیرہ غازی خان میں دربار آل محمد45بلاک ،کراچی شاہ فیصل کالونی میں ڈرگ روڈ ،قصر زینب بھکر،بارگاہ ولی العصر ملتان ،امام بارگاہ اڈہ پسروریاں سیالکوٹ،عزاخانہ زہرا لاہور کے علاوہ،مظفر آباد،باغ،دادو،خیرپورمیرس،چکوال،سرگودھاگلگت،فیصل آباد،کوہاٹ،شیخو پورہ،گوجرنوالہ ،جہلم،دینہ ،قصور ،گوجرہ ،خانیوال،بہاولپور،سکھر،نواب شاہ ،سیہون شریف ،نوشہرو فیروز اور دیگر شہرو ں میں بھی یوم القدس حمایت مظلومین کے موقع پر احتجاجی مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ اس موقع پرعساکرپاکستان کیساتھ بھرپوراظہاریکجہتی ، آپریشن ضرب عضب کوپوری قوم کی آوازقراردیتے ہوئے عساکرپاکستان کی کامیابی، عالم اسلام کے مصائب و آلام کے خاتمہ ،مسائل کے حل اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی ،استحکام و ترقی کیلئے خصوصی دعا ئیں کی گئیں اور ایکشن پلان پر بلا رو رعایت عملدرآمد کا مطالبہ کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.