ممنونِ خدیجہ ؑ ہیں محمد ؐ بھی خدا بھی ۔ عالمگیر ایام الحزن کا آغاز

ولایت نیوز شیئر کریں

حضرت خدیجہ ؑ کی دولت کی بدولت اسلام غنی ہوگیا۔علامہ بشارت امامی 

راولپنڈی( ولایت نیوز) قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق رفیقہ حیاتِ رسولؐ اعظم ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیہا کی وفات حسرت آیات کے سلسلے میں جمعرات کو عالمگیر ایام الحزن کا آغاز ہوگا ۔اس موقع پرپورے پاکستان میں سحری کے وقت تلاوتِ کلام پاک سے مجالس عزا کا آغازہوگا ۔راولپنڈی ریجن میں بھی مختلف مذہبی تنظیموں اوردینی اداروں کے زیراہتمام مجالس عزا ،کانفرنسوں،سیمیناروں اور تعزیتی اجتماعات کے پروگرام مرتب کیے گئے ہیں۔ٹی این ایف جے کی عالمگیر ایام الحزن کمیٹی کا اجلاس کنوینر علامہ راجہ بشارت حسین امامی کی صدارت میں منعقدہو ا جس میں حکومت پر زوردیا گیا کہ وہ ملک بھر میں8تا10رمضان منعقد ہونے والے ایام الحزن کے پروگراموں کے دوران خصوصی انتظامات کرے۔

انہوں نے عوام سے بھی کہا کہ وہ پوری طرح چوکنا رہیں اور شر پسندوں پر کڑی نظر رکھیں۔علامہ امامی نے باورکرایا کہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیہا اسلام کی وہ عظیم محسنہ ہیں جنہوں نے اپنا تمام مال و اسباب خدمتِ رسول ؐ میں پیش کرکے اسلامی اقتصادیات کو مضبوط و مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے یہ بات زوردیکر کہی کہ اس معظمہ بی بی کی دولت کی بدولت اسلام مالدار اور غنی ہوا اور آپ ؑ نے کسمپرسی کے عالم میں زندگی بسر کرتے ہوئے دنیا سے رحلت فرمائی ۔انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجہ ؑ طاہرہ کی انمول قربانیوں اور جذبہ ایثار کو سامنے رکھ کر حضور اکرم ؐ نے وفاتِ حضرت خدیجہ کو عام الحزن یعنی غم کا سال قراردیا۔علامہ بشارت امامی نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ عالم اسلام نے احساناتِ حضرت خدیجہ ؑ کو بھلا دیا ہے جس کی وجہ سے مسلم امہ زبوں حالی کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے مشاہیر کی یاد کو تازہ رکھتی ہیں اور ان کی تعلیمات کو اپنے لیے نقش قدم اور مشعلِ راہ سمجھتی ہیں۔انہوں نے تمام مکاتب سے اپیل کی کہ وہ عالمگیر ایام الحزن کے پروگراموں میں جوق درجوق شرکت کریں اور علمائے کرام اور واعظین عظام اپنے خطابات میں سیرت و کردارِ حضرت خدیجۃ الکبریٰ کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کریں اور ان کے اصولوں کی عملی پیروی کا عہدوپیمان کیا جائے۔انہوں نے ذرائع ابلاغ پر زوردیا کہ وہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ کی وفات کے حسرتناک موقع پر خصوصی ایڈیشن شائع کریں اور ملک بھر میں ہونے والے پروگراموں کو بھرپور نمایاں کوریج دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.