حکمران سیاستدان کالعدم تنظیموں کے بڑوں پر ہاتھ ڈالنے میں رکاوٹ ہیں، تحریک نفاذفقہ جعفریہ کی کال پر ’’یوم شہداء‘‘ منا یاگیا

ولایت نیوز شیئر کریں

نیشنل ایکشن پلان در اصل ملکی سالمیت کافارمولہ ہے جس پر عمل در آمد میں ہی مملکت کی بقا و استحکام مضمر ہے ۔مظاہرین سے علامہ سیدمحسن ہمدانی، علامہ ابوالحسن تقی کا خطاب

راولپنڈی( ولایت نیوز)قائد ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق جمعہ کویوم شہداء راولپنڈی ریجن میں بھی قومی جذبے کیساتھ منایاگیا۔اس موقع پر مساجد وامامبارگاہوں میں بلاتفریق مسلک و ملک درجہ شہادت پر فائز ہونے والوں اور تمام اموات مومنین و مسلمین ،شہدائے عساکر پاکستان وپولیس ،شہدائے تحفظِ مقاماتِ مقدسہ کے درجات کی بلندی کیلئے قرآن خوانی مجالس تراحیم اور دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیاگیا۔ علمائے کرام اور واعظین و ذاکرین نے شہادت اورموت و حیات کے فلسفے پر روشنی ڈالی، دہشتگردی کیخلاف پر امن احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے جن میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں جاری دہشت گردی اور استعماری بربریت کیخلاف آواز احتجاج بلند کی گئی۔ٹی این ایف جے راولپنڈی کی جانب سے یوم شہداء کے موقع پرعلامہ سیدمحسن علی ہمدانی ، علامہ سیدزاہدعباس کاظمی ،علامہ سیدمحمدعلی حسینی ،چوہدری مشتاق حسین ، ایم ایچ جعفری ، قاضی مظہرحسین کربلائی ، ڈی ایم حیدری ، ڈاکٹراین ایچ نقوی ، سیدثمرالحسن نقوی کی قیادت میں جامع مسجدقصرابوطالب ؑ مغل آباد سے پرامن احتجاجی جلوس نکالاگیا۔ شرکاء جلوس نے دہشت گردی کیخلاف اورافواج پاکستان کے آپریشن ردالفساد کی حمایت میں نعرے لگاتے ہوئے عابدمجیدروڈپرآگئے جہاں مقررین نے ملک میں امن کے قیام کیلئے دہشت گردکالعدم گروپوں کیخلاف سخت کاروائی کامطالبہ کیا ۔ علامہ محسن علی ہمدانی نے سیکورٹی اداروں بشمول عساکر پاکستان، رینجرز، ایف سی، پولیس اور دیگر کی قربانیوں کو سپاس عقیدت پیش کیاگیا جن کی جوانمرد ی کی بدولت دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں مل رہے ہیں ،دہشت گرد ملک و قوم کی سالمیت و استحکام کے در پے ہیں ۔انہوں نے دہشتگردی کے سانحات کی پرزورمذمت کرتے ہوئے انہیں اقتصادی راہدارای معاہدے ، آپریشن ردالفساد کوناکام کرنے کی گھناؤنی سوچی سمجھی سازش قراردیتے ہوئے باورکرایاکہ نیشنل ایکشن پلان در اصل ملکی سالمیت کافارمولہ ہے جس پر عمل در آمد میں ہی مملکت کی بقا و استحکام مضمر ہے ۔جامع مسجددربارعالیہ سخی شاہ پیاراکاظمی المشہدی سے علامہ سیدابوالحسن تقی ، باواسیدقاسم علی شاہ کاظمی ، شوکت عباس جعفری ، سیدمحمدعباس ، مجاہدکاظمی کی قیادت میں دہشت گردی کیخلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔ حالی روڈپرمظاہرین کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سیدابوالحسن تقی نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیاکہ وہ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کا دائرہ وسیع کرے اور نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر یکساں عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے اور دہشت گردوں کو انکے منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔انہوں واضح کیاکہ شہدائے دین و وطن کا لہو رائیگاں نہیں جائیگا۔ریلی کے آخر میں شہداء ومرحومین کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی اور اجتماعی دعا کی گئی۔چکوال ، اٹک ، جہلم ، دینہ ، چواسیدان شاہ ، پنڈدادن خان ، ڈھڈیال ، وریال مال ، سرپاک ، بلکسر، تلاگنگ ، سیدکسراں اوردیگردرجنوں مقامات پرمساجداورامام بارگاہ میں دہشت گردی کیخلاف صدائے احتجاج بلندکی گئی اورشہداء دین ووطن کی بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی اورعساکرپاکستان کی کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں کیں گئیں ۔

ملک میں قیام امن کیلئے دہشتگردوں کیخلاف بے رحمانہ کاروائی ضروری ہے تنظیم شیعہ آئمہ مساجد

تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے تنظیم شیعہ آئمہ مساجد کی جانب سے جمعہ کوپورے پاکستان میں یوم شہداء کے پروگرام منعقد کیے گئے ۔اس موقع پرجملہ شہداء ،اموات مومنین و مسلمین ، عساکرپاکستان ، پولیس ، اورسیکیورٹی اداروں کے شہید جوانوں اورسپوتوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا ئیں مانگی گئیں ۔اس موقع پر جامع مساجد میں جمعہ کے اجتماعات میں شہداء و مرحومین کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ خطباء حضرات نے حرمتِ انسان از روئے قرآن ، شہید کے مقام و مرتبے اور فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی ۔جامع مسجد خدیجۃ الکبریٰ ،جامع مسجد جعفریہ ،مسجد امام موسیٰ کاظم ،جامع مسجد قصرامام علی نقیؑ ،جامع مسجد شاہ پیارا ،جامع مسجدقصر حضرت ابو طالبؑ ،قصر شبیر ؑ ،قصر زینبؑ ،حیدریہ مسجد ،مسجد شاہ چن چراغ ، مسجد باب العلم، حیدریہ مسجد ، مسجدشاہ نجف میں یوم شہداء کے اجتماعات منعقد ہوئے ۔الکاظم میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سیدتصورحسین نقوی القمی نے وطن عزیز میں جاری دہشتگردی کو یزیدی قوتوں کی سازش قرار دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ازلی دشمن کے پالتو دہشتگردوں کیخلاف افواج پاکستان کا آپریشن ردالفساد جلد کامیابی سے ہمکنار ہو گا۔ اُنہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان ، کوئٹہ ، اٹک ، کراچی سمیت تمام سانحات کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ملک میں قیام امن کیلئے نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پرعملدرآمد،کالعدم گروپوں کیخلاف بے رحمانہ کاروائی ، پاک فوج کی کمرمضبوظ کرنااورقوم وملک کے مفادات کوہرشے پرترجیح دیناوقت کی اہم ترین ضرورت قراردیاہے۔ ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاستدان حکمران ایک دوسرے کو زیر کرنے میں مصروف ہیں انہیں اسلام یا پاکستان کے مسائل کی کوئی پرواہ نہیں فقط اپنے مفادات عزیز ہیں عوام کی قتل غارت گری سے انہیں کوئی سروکار نہیں اسی لئے کالعدم تنظیموں کی دلجوئیوں میں مصروف ہیں جس کے سبب دہشت گردی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور شہداء کی قربانیوں کو داؤ پر لگایا جا رہا ہے،انہوں نے کہاکہ کائنات اور اُس کی ہر شے کا وجود کسی غرض و غایت کے تحت ہے انسان کو اللہ نے اشرف المخلوقات بنایا چنانچہ قرآن مجید میں اعلانِ قدرت ہوتا ہے کہ ہم نے موت و حیات کو خلق کیا تاکہ تمھیں آزمائیں کہ تم میں حسن عمل کے لحاظ سے کون بہتر ہے۔ آخر میں شہداء ومرحومین کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی اور اجتماعی دعا کی گئی۔جامعہ مسجدجعفریہ آئی نائن علامہ سیدگفتارصادقی نے یوم شہداء کے مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا بلکہ قوم کو حیات تازہ عطا کرتا ہے ۔انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ حق و صداقت کی راہ میں جاں سے گزرنے والے کبھی نہیں مرتے بلکہ ان کا نام ہمیشہ زندہ رہتا ہے ۔جامع مسجدشاہ پیارامیں علامہ سیدمطلوب حسین تقی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پاک فوج کا آپریشن ردالفساداہلیان پاکستان کیلئے غیبی تائید ہے ،افواج پاکستان کی پشت پر پوری قوم ہے جس کی فتح یقینی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں ،انکے سہولت کاروں پر آہنی ہاتھ ڈالے بغیر امن کا قیام ممکن نہیں ہوسکتا لہذا حکومت نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں کالعدم گروپوں کی نئے ناموں سے سرگرمیوں اور میڈیا پر انہیں دی جانیوالی کوریج پر فی الفور پابندی عائد کرے تاکہ ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکے۔ ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں اس عہد کا اظہار کیا کہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے ہر حکم پر لبیک کہا جائے گا اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ اس موقع پر عالم اسلام کی سربلندی اور وطن عزیز پاکستان کے استحکام کو ترقی اور مظلومنین و محرومین کیلئے خصوصی دعائیں اورشہداء دین ووطن کیلئے فاتحہ خوانی اوربلندی درجات کیلئے دعائیں کی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.