سعودی ولی عہد کاانٹرویو:ثابت ہوگیا کہ دہشت گردی کےخالق اورمقامات مقدسہ کی تاراجی کے ذمہ دارامریکہ اور اسکے پٹھو عرب ممالک ہیں ، آغا حامد موسوی 

ولایت نیوز شیئر کریں

سلطنت عثمانیہ کو تباہی سے دوچار کرنیوالی سازش دہرائی جا رہی ہے اپنی زمین کی واپسی کے طلبگار مظلوم فلسطینی اعلان بالفور کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں 

صیہونیت و استعماریت کا واحد علاج مسلم اتحاد کی خیبری حیدریؑ ضرب ہے، جشن مولود کعبہ ولادت پر نور امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ سے خطاب

اسلام آباد( ولایت نیوز) سپریم شیعہ علما بورڈ کے سرپرست اعلیٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کے انٹر ویو نے یہ ثابت کردیا ہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کاخالق اور مسلم مقامات مقدسہ کی تاراجی کا محرک امریکہ اور اسکے پٹھو عرب ممالک  ہیں مسلم ممالک امریکی و صیہونی چیرہ دستیوں کے مقابلے کیلئے جرات حیدریؑ اپنائیں ، سلطنت عثمانیہ کو تباہی سے دوچار کرنیوالی سازش دہرائی جا رہی ہے اپنی زمین کی واپسی کے طلبگار اور اسرائیلی گنوں کے بیدردی سے شکار مظلوم فلسطینی پہلی جنگ عظیم کی کوکھ سے جنم لینے والے برطانوی اعلان بالفور کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں ، پہلی جنگ عظیم کی طرز پرگزشتہ چار دہائیوں میں امریکی ہدایتکاری میں مسلسل ڈرامے رچا کر مسلمانوں کی طاقت ایک بار پھر چکنا چور کردی گئی ،مسلم حکمران اپنے اقتدار کے بچاؤ کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں لیکن عالم اسلام کے مفادات اور شعائر اللہ کی عزت و حرمت کی پامالی سے انہیں کوئی سروکار نہیں، حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کا طرز زندگی ظلم و بربریت کی موت ہے ،صیہونیت و استعماریت کا واحد علاج مسلم اتحاد کی خیبری حیدریؑ ضرب ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولود حرم امیر المومنین شیر خدا حضرت علی علیہ السلام کرم اللہ وجہہ کے یوم ولادت پرنور کے موقع پر جشن مرتضوی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مسلم ممالک کو ادراک کرنا ہو گا کہ صیہونی و ابلیسی قوتیں کبھی ان کی دوست نہیں ہو سکتیں ، پہلی جنگ عظیم کے بعد عالمی ابلیسی اور صہیونی سازشوں کے تحت خلافت عثمانیہ کا خاتمہ کرکے استعماری ایجنٹوں اور آلہ کاروں کو گھناؤنے منصوبے کے تحت اقتدار دیا یہی ہتھکنڈہ حجاز میں بھی استعمال کیا گیا ،ایک صدی ہونے کو ہے جنت البقیع اور جنت المعلیٰ سے لے کر حالیہ دنوں میں شجر رسول ؐ کی تاراجی تک مسلم مقدسات اور آنحضور ؐ سے وابستہ نشانیوں ان کے آباؤ اجداد ،امہات المومنین ،پاکیزہ صحابہ کبار اور اہل بیت اطہار ؑ کے مزارات کو مسلسل زمیں بوس کیا جارہا ہے اور مغربی دنیا انہی کو بنیاد بنا کر اسلام کو شدت پسند و انتہا پسند دین ثابت کرنے پر تلی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صرف انتہا پسندی نہیں امریکہ بہادر کے ایما ء پر ہی عراق ایران جنگ کرائی گئی،عراق کو کویت میں گھسایاگیا،نائن الیو ن کا ڈرامہ رچا کر اسامہ کے نام پر افغانستان کو کھنڈر میں تبدیل کیا گیا اور پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا۔یمن پر حملہ کروایا گیا ،شام کو میدان جنگ بناکر تخت و تاراج کردیا گیا،بحرین،نائجیریا، مصر ،لبنان،لیبیا سمیت بیسیوں ممالک میں انسانی حقوق کو پامال کیا جارہا ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ اقوام متحدہ کو دوسری جنگ عظیم کی تباہ کاریوں کو سامنے رکھتے ہوئے وجود میں لایا گیا تھا لیکن اس ادارے کا کردار امریکی لونڈی سے آگے نہ بڑھ سکا۔مشرقی تیمور سوڈان سمیت جہاں جہاں امریکی مفادات وابستہ تھے وہاں استصواب رائے کروادیا گیا لیکن مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیاء میں جاری ظلم و بربریت اور جبرواستبداد سے یو این او نے آنکھیں بند کررکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کرکے نہلے پے دہلہ مارا لیکن مسلمان حکمرانوں جن کی غیرت و حمیت مرچکی ہے نے روایتی چپ سادھ رکھی ہے۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ امریکہ اور صیہونی تمام تر کھیل بعض عرب مسلم سربراہوں کے ایما ء پر کھیل رہے ہیں۔آج دہشتگردی کے خالق صہیونی اور بعض مسلم عرب پٹھو ہیں اسی نظریے کے تحت مسلمانوں کے مقامات مقدسہ کو مسلسل نشانہ بنایا جاتارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شیطانی سرغنہ امریکہ آغاز ہی سے دوسرے ممالک کو میدان جنگ اور اکھاڑہ بنا کر اپنے مفادات کے کھیل کھیلتا رہا ہے۔دنیا کے کسی بھی ملک کی ترقی و استحکام اسے ہر گز نہیں بھاتا اور اب پوری دنیا کو کمزور اور بے بس کرکے اس پر ہنود و یہود جیسے پالتوؤں کو حکمران بنانا چاہتا ہے یہی وجہ ہے کہ امریکہ اور اسکے تمام پٹھو دوبارہ سر اٹھاتی ہوئی عالمی قوت روس اور چین کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑ گئے ہیں۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ پاکستان دنیا میں واحد مسلم ریاست ہے جو اسلام کے نظریہ اساسی پر وجود میں آئی اسی لئے عالمی شیطانوں کو ایک آنکھ نہیں بھاتی اور جب سے یہ ایٹمی قوت بنا ہے شیطانی طاقتیں اسے کچلنے کیلئے مزید سرگرم ہو گئی ہیں لیکن ساری دنیا یاد رکھے کہ پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائیگا، پاکستان قائم رہنے کیلئے بنا ہے اور مصطفوی ؐو حیدری ؑ صدقے میں سدا قائم رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.