ایام الثارۃ الحسین ؑ اختتام پذیر، دفاع وطن کیلئے پوری قوم عساکرپاکستان کیساتھ ہے ۔ مختار فورس کا اعلامیہ

ولایت نیوز شیئر کریں

ایام عزا (محرم و صفر) اور میلاد النبی ؐ کے جلوسوں، مجالس میں سیکورٹی کی ڈیوٹی سر انجام دینے والے جوانوں نے حسن کار کردگی کی شیلڈیں اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں
پاکستان کے بدترین دشمنوں کا مقابلہ کرینگے۔امامبارگاہ زین العابدین میں تقریب سے چوہدری مشتاق، علی اجود، قمر زیدی بوعلی مہدی ،شوکت جعفری، تبیان عباس و دیگر کا خطاب

راولپنڈی (ولایت نیوز) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کردہ ایام الثارۃ الحسین ؑ کے دو روزہ پروگرام منگل کو اختتام پذیر ہو گئے ۔ اس موقع پر راولپنڈی میں مختار فورس کے زیر اہتمام
امامبارگاہ زین العابدین میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں مختار فورس کی ہائی کمان اور ریجنل ، ضلعی اور ایریا کمانڈروں کے علاوہ جوانوں کی بڑی جوانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایام عزا (محرم و صفر) اور میلاد النبی ؐ کے جلوسوں، مجالس میں سیکورٹی کی ڈیوٹی سر انجام دینے والے جوانوں نے حسن کار کردگی کی شیلڈیں اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ یوم الثارۃ الحسین ؑ اجتماع میں سید ابو ذیشان نقوی نے مختار فورس کی جانب سے اعلامیہ پیش کیا جس میں اس امرپرگہری تشویش کااظہارکیا گیا کہ دشمنان اسلام نے دہشت گردی کے ذریعے مسلم ممالک کوخون سے رنگین کرکے ایسا منافقانہ طریقہ ایجاد کیا ہے کہ ان دہشت گردوں کو مسلمانوں ہی کے سر تھوپ دیا جاتا ہے ،دنیا کا ہر صاحب بصیرت سوال کناں ہے کہ اگر ان دہشت گردوں کا تعلق عالم اسلام سے ہے تو پھر دہشت گردوں نے امت مسلمہ کو ہی سب سے زیادہ نقصان کیوں پہنچایا؟ وطن عزیزپاکستان کو بدترین دشمنوں کا سامنا ہے جن کا سب سے بڑا ہتھیاردہشت گردی اور انتہا پسندی کا فروغ ہے لہذا دشمن کے تمامتر ہتھکنڈوں کے تدارک کی تدبیرکرناہو گی ،کل بھوشن جیسے قومی سلامتی کے مجرموں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کیلئے حکومت پاکستان عملی اقدامات اور انتہا پسندوں کومعاشرے میں سرایت کرنے سے روکنے کیلئے قوم کے ہر فرد کو افواج پاکستا ن کے شانہ بشانہ کردار ادا کرنا ہوگااسی صورت قوم کا مستقبل محفوظ بنایاجا سکتا ہے، مختار فورس کا ہر جوان اور پوری قوم عساکر پاکستان کی پشت پر ایستادہ ہے، قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے حکم پر شعائر اللہ کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

چیئر مین نگران کونسل مختار فورس پاکستان چوہدری مشتاق حسین اور سپریم کمانڈر سید علی اجود نقوی نے اپنے خطاب میں میلادالنبی اورایام عزاکے دوران بلاتفریق مذہبی تقاریب و شعائر اللہ کی حفاظت کیلئے مختار فورس کے رضا کاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا کہ پاک دھرتی ،مقدس مقامات بلا تفریق تمام عبادت گاہو ں اور عزا و میلاد کے جلوسوں کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔

تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سید قمر حیدر زیدی نے کہاکہ خانوادہ رسول ؐاللہ کی محبت کا مرکز،پاکیزگی کا سرچشمہ اور عظمتوں کاآستانہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ وطن عزیز ، اسلام اور پیروان ہلبیت اطہار و پاکیزہ صحابہ کبار ؐکو درپیش حالات کے مدنظر رضاکارمختار فورس کے قیام کا مقصد دشمن کی چال بازیوں کا مقابلہ کرنا ہے جس کامنشوربلاتفریق شعائراللہ اورعبادت گاہوں کی حفاظت کیلئے خدمات سر انجام دیناہے ۔

انہوں نے کہا کہ حضرت مختار ثقفی کو مسجد کوفہ میں سفیر حسینیت حضرت مسلم ابن عقیل ؑ کے پہلو میں سپرد خاک ہونے کا شرف حاصل ہوا۔علامہ سید زاہد عباس کاظمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہو ا اس کا وجود اسلام دشمن قوتوں کو کیسے قبول ہو سکتا تھا یہی وجہ ہے کہ قیام پاکستان کے دن سے ہی وہ اسے مٹانے کے درپے ہیں ،وہ قوتیں پاکستان کو دولخت کرنے میں تو کامیاب ہو گئیں لیکن ان کی بے چینی اس وقت عروج پر پہنچ گئی جب وہ بچا کچھا پاکستان خطہ ارضی کی واحد ایٹمی قوت بن گیا لہذا پاکستان کو اندر باہر سے مٹانے کی کوششیں مزید زور پکڑ چکی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ بعض قوتیں بھیس بدل کر ہماری صفوں کے اند ر داخل ہو چکی ہیں جو ہماری آئندہ نسلوں کو ان عقائد حقہ سے بیگانہ کردینا چاہتی ہیں انہیں تشدد کی راہ پر مائل کررہی ہیں لہذا ملک گیر سطح پر رضاکاروں کو منظم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ اگر دشمن دہشت گردی کا ہتھیار استعمال کرے تو اس کے مقابلہ کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ایک ایسی رضاکارقوت موجود ہو جو دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنا دے ۔ انہوں نے کہاکہ ہر فرد رضاکار بن کر اپنے دشمنوں سے آگاہ ہوجائے تو اسے مار بھگانا بہت آسان ہے ،دشمن اگر کمزور عضو سمجھ کر شہری آبادیوں پر حملے کی جسارت کرے تو یہ رضاکارامدادی خدمات سرانجام دے سکیں۔

ڈپٹی سپریم کمانڈر سید تبیان عباس نے کہاکہ مختار ثقفی نے تاریخ کے بدترین ظلم کا شکار خانوادۂ رسول ؐکے چہرے پر مسکراہٹیں بکھیریں مختار زندگی وآخرت میں کامران رہا، استعماری ریشہ دوانیوں اور بھارتی کارستانیوں کے مقابلے کیلئے حکمران جرات مختاراختیار کریں۔تقریب سے سیدبوعلی مہدی ، شوکت جعفری ، ایم ایچ جعفری ، سیدمقداد نقوی ، سیدغسان نقوی ، سیدمنتظرہمدانی ، سیدنزاکت حسین کاظمی ، اسد عباس ہمدانی ، سید کاشف کاظمی اور ایم ایچ جعفری نے بھی خطاب کیا۔ درایں اثناء ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اورقصبوں میں یوم ثارۃ الحسینؐ کی محافل اورخصوصی تقریبات منعقد ہوئیں جن میں آپریشن ردالفساد کی کامیابی ،اقتصادی راہداری منصوبہ کی تکمیل ،پاکستان کے استحکام اور عالم اسلام کی یکجہتی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.