ذکرحسینؑ پر پابندیاں اور کالعدم جماعتوں پر نوازشات؟؟ ٹی این ایف جے نے نظریاتی کونسل میں نئی بھرتی کو مستردکردیا

ولایت نیوز شیئر کریں

جن کے ہاتھ منافرت تشدد وقتل و غارت گری سے لتھڑے ہوں انہیں اسلامائزیشن کیلئے پارلیمان و ریاست کی رہنمائی کا فرض سونپنا ظلم عظیم ہے
نعت رسول ؐ و ذکر حسین ؑ کی محافل و مجالس سجانے والوں کو پابندیوں کا سامنا ہے؛ بیرونی ممالک کا ایجنڈا پورا کرنے والوں پر انعام و اکرام کیا جارہا ہے
کونسل میں شامل شیعہ افراد حکومت کے نمائندے تو ہو سکتے ہیں فقہ جعفریہ کے نہیں،ارباب بست و کشاد ملک و قوم اور دین پر رحم کریں، ٹی این ایف جے ترجمان

اسلام آباد( ولایت نیوز)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے ترجمان نے اسلامی نظریاتی کونسل میں نئی تقرریوں کو مسترد کرتے ہوئے کالعدم جماعتوں کے ارکان کی شمولیت کو نیشنل ایکشن پلان کو سبوتاژ کرنے کے مترادف قرار دیا ہے، وزارت قانون نے کالعدم جماعتوں کے عہدیداران وہمدردان کو ایک تہائی نمائندگی دے کر آپریشن رد الفساد کی پیٹھ میں چھرا گھونپاہے اور دہشت گردی کے متاثرین کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے، جن کے ہاتھ منافرت تشدد وقتل و غارت گری سے لتھڑے ہوں انہیں اسلامائززیشن کیلئے پارلیمان و ریاست کی رہنمائی کا فرض سونپنا ظلم عظیم ہے۔

ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع سے جاری ہونے والے ردعمل میں ٹی این ایف جے کے ترجمان نے کہا ہے کہ نظریاتی کونسل میں شامل کئے جانے والے شیعہ افراد حکومت کے نمائندے تو ہو سکتے ہیں فقہ جعفریہ کے نہیں،حکمرانوں سیاستدانوں کو اسلام کے بجائے ذاتی جماعتی مفادات عزیز ہیں ۔تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو ایک عرصے سے دہشت گردی کا سامنا ہے اسی کے پیش نظر حکومت نے 62سے زائد جماعتوں کو کالعدم قرار دیا نیشنل ایکشن پلان بھی تیار کیا گیالیکن کالعدم جماعتیں نئے اور پرانے ناموں سے کھلے عام کام کررہی ہیں ، علماء واعظین وذاکرین اورنعت رسول ؐ و ذکر حسین ؑ کی محافل و مجالس سجانے والوں کو پابندیوں کا سامنا ہے جبکہ بیرونی ممالک کا ایجنڈا پوارا کرنے والے نفرت و دہشت کے ماہرین کو اہم ترین عہدوں پر فائز کرکے نوازا جارہا ہے ۔شیڈول فور میں خانہ پری کیلئے ان لوگوں کو شامل کیا گیا جن کا دور دور تک کسی کالعدم جماعت سے کوئی تعلق نہیں ،ایسے اقدامات دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو ضائع کرنے کے مترادف ہیں ۔

ٹی این ایف جے کے ترجمان نے کہا کہ صرف نظریاتی کونسل نہیں رویت ہلال کمیٹی علماء بورڈز سمیت تمام اداروں کو سودابازی کیلئے استعمال کیا جارہا ہے ، خدارا ارباب بست و کشاد ملک و قوم اور دین پر رحم کریں اسلامائزیشن کیلئے قائم اداروں کی نمائندگی کیلئے مسالک و مکاتب کی نمائندہ تنظیموں سے رجوع کریں ۔

ٹی این ایف جے نے نظریاتی کونسل میں نئی تقرریوں کو مستردکردیا.روزنامہ جنگ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.