تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے کوئٹہ دہشت گردی کی مذمت ، کالعدم تنظیموں پر گرفت کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد(ولایت نیوز)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے ترجمان نے کوئٹہ میں ہزارہ اور بڑیچ قبیلہ سے تعلق رکھنے والے غریب سبزی فروشوں کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے ک امطالبہ کیا ہے ۔ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع سے جاری ہونے والے ردعمل میں ترجمان نے کہا کہ سانحہ جھل مگسی کے فوراً بعد کوئٹہ میں المناک دہشت گردی سوچی سمجھی سازش کا شاخسانہ ہے جس کا اولین مقصد سی پیک منصوبے کو ناکام بنانا ، پاکستان کو عدما ستحکام سے دوچار کرنا اور بلوچستان کو غیر محفوظ ثابت کرنا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ دکھ یہ ہے کہ ایکشن پلان کے باوجود آج بھی نئے پرانے ناموں سے کالعدم جماعتیں آزادانہ کام کررہی ہیں ۔ترجمان نے واضح کیا کہ اگر پاکستان میں امن لانا ہے تو نیشنل ایکشن پلان کی ایک ایک شق پر عمل کرنا ہوگا ، کالعدم تنظیموں کو شکنجے میں جکڑنا ہو گا اور بیرونی ممالک کے ایجنڈے پر کام کرنے والے ایجنٹوں کی بیخ کنی کرنا ہوگی ۔ترجمان نے شہداء کے لواحقین کی بھرپور امداد اور زخمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات مہیا کرنے کا مطالبہ کیا۔