ایٹمی قوت نمائش کیلئے حاصل نہیں کی، کسی کو پاکستان کیطرف میلی نظر سے دیکھنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ آغاحامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

خارجہ پالیسی از سر نو مرتب کی جائے ، افغان جنگ اب امریکہ کو خود لڑنے دی جائے تا کہ پتہ چل سکے کہ’’ زور کتنا بازو ئے قاتل میں ہے‘‘؟،قائد ملت جعفریہ کا مختار آرگنائزیشن کے عہدیداران سے خطاب

اسلام آباد(ولایت نیوز )سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علماء بورڈ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے نئی امریکی پالیسی کے اعلان پر صدر ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف دھمکی پرسیاسی و عسکری قیادت کے جواب کو قوم کی ترجمانی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھول میں نہیں رہنا چاہیئے کیونکہ پاکستان نے ایٹمی قوت صرف نمائش کیلئے حاصل نہیں کی ، دہشتگردی کے خلاف عساکر پاکستان کا آپریشن رد الفساد دہشتگردوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا ، حکمران ، سیاستدان مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تا کہ ملک امن کا گہوارہ بن سکے ، پاکیزہ ہادیان دین نے ظلم و بربریت اور جبر و استبداد کیخلاف آواز اُٹھانے کی پاداش میں شہادت کو گلے لگا کر ثابت کیا کہ ہم اور ہمارے اجداد ظالموں اور ڈکٹیٹروں کے سامنے نہ پہلے کبھی جھکے ہیں نہ ہماری آئندہ نسلیں جھکیں گی ،وطن عزیز گرا ں بہا قربانیوں اور انتھک کوششوں سے معرض وجود میں آیا تھا جو مسلمانوں کے عزم عالی شان کا نشان اور اسکا ذرہ ذرہ ہمیں جان سے پیارا ہے ، کسی بد خواہ کو پاکستان کی طرف میلی نظر سے دیکھنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے جمعہ کو مختار آرگنائزیشن کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آقای موسوی نے جنوبی ایشیاء کے بارے میں نئی امریکی پالیسی پر قومی و سیاسی حلقوں کے ہم آہنگ اور ہم آواز ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی کا تقاضا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف اپنے کردار کو دنیا سے منوائے اور امریکی منافقانہ رویے کو سامنے رکھ کرحکومت از سر نو خارجہ پالیسی مرتب کرے۔انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ افغان جنگ اب امریکہ کو خود لڑنے دی جائے تا کہ پتہ چل سکے کہ’’ زور کتنا بازو ئے قاتل میں ہے‘‘؟ ہمیں ہر قیمت پر اپنی ملکی سلامتی کا تحفظ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو ڈرا دھمکا کر دہشتگردی کے خلاف جنگ ہر گز نہیں جیت سکتا کیونکہ پاکستان نے قیمتی جانوں کے نذرانے اور بھاری نقصانات برداشت کر کے یہ جنگ اپنے خون پسینے سے لڑی ہے ۔انہوں نے دہشتگردوں کی کمر توڑنے اور بیشتر علاقوں سے ان کا صفایا کرنے پر عساکر پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ شہدائے افواج پاکستان ، سیکیورٹی اہلکاروں ، پولیس جوانوں اور بیگناہ پاکستانیوں کا خون ہر گز رائیگاں نہیں جائے گا۔

قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں اور کوتاہیوں کو دہرانے کے بجائے اسوقت ہمیں صرف دفاع وطن کے تقاضے نبھانے سے سرو کار رکھنا چاہیے جو مثالی قومی اتحاد و یکجہتی کے بغیر ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نعمت خداوندی ہے جسکے حصول کیلئے تمام مکاتب نے مل جل کر کاوشیں اور قربانیاں پیش کیں لیکن اسکے نظریاتی مخالفین مسلط ہو گئے جن کی باقیات آج بھی وطن عزیز کی جڑیں کوکھلی کرنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حب الوطنی اور وحدت و اخوت پر مبنی پالیسی پر گامزن رہتے ہوئے دشمنانِ دین و وطن کی ہر سازش کو ناکام بنا دیا جائے گا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.