شیر خداحضرت علی المرتضی ؑ کے یوم شہادت پر ملک گیر مجالس و جلوس ؛ماتمی جلوسوں کے دوران زنجیر وقمہ زنی نوحۃ و ماتم کے رقت انگیز مناظر

ولایت نیوز شیئر کریں

لاہور،کراچی ،راولپنڈی(ولایت رپورٹ ) مولائے کائنات شیر خداامیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کایوم شہادت ہفتہ کو دنیا بھر کی طرح پاکستان بھر میں عقیدت و احترام اورروایتی مذہبی جذبے کیساتھ منا یا گیا۔ اس موقع پرملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں ،قصبوں اور دیہاتوں میں تابوتِ شیر خداؑ کے مرکزی جلوس برآمد ہوئے ماتمی عزاداروں نے سینہ کوبی نوحہ خوانی زنجیر زنی قمہ زنی کرکے شہادت علی ؑ کا پرسہ پیش کیا اور شدید رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے اور مساجد و امامبارگاہوں میں علمائے کرام،واعظین و ذاکرین نے مجالس عزا سے خطاب کرتے ہوئے سیرتِ امیر المومنین حضرت علی ؑ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کا مرکزی جلوس تابوت موہن پورہ سے برآمد ہوا جس میں سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علماء بوڈر قائد ملت جعفریہ آغاسید حامدعلی شاہ موسوی نے شرکت کرکے تبرکات کی زیارت کی اور ماتمداری میں حصہ لیا۔اس موقع پر ماتمی عزاداروں اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے آغا حامد موسوی نے کہاکہ خدا کے نبی ؐکے بعد ذات علی ؑ تمام مسلمانوں کے درمیان نکتہ اتحاد ہے ، انتشار کا شکار مسلمان دامن علی ابن ابی طالب ؑ تھام لیں تو مسائل کے گرداب سے نکل کر مدینۃ العلم تک برسائی حاصل کرکے شفاعت مصطفویؐ سے بہرہ مند ہو سکتے ہیں ، امریکی اسلامی عرب اتحاد مسلمانوں کو بیت اللہ سے ہٹا کر بیت ابیض (وائٹ ہاؤس) کے سامنے جھکانے کی سازش ہے مسلمان شیطانی قوتوں کی طاقت سے نہ گھبرائیں مولود حرم علی ابی طالب کی جرات و دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمنان اسلام کے خلاف صف آرا ہوں ،علی ابن ابی طالب واحد ہستی ہیں جس کے بارے رسول نے کہا جس کا میں مولا اس کا علی مولا ،علی ابن ابی طالب ؑ وہ عظیم ہستی ہیں جنہیں نبی کریم ؐ نے اپنا نفس کہا جس پر سورہ آل عمران کی آیہ مباہلہ گواہ ہے علی ؑ کی توہین نبی ؐ کی توہین ہے حکومت ایک اخبار کی جانب سے شان علی ابن ابی طالب ؑ میں گستاخی کا نوٹس لے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم جماعتوں کے فکری ہمدردوں و سرپرستوں کے خلاف ایکشن لیا جائے حضرت علی ابن ابی طالب ؑ اور پنجتن پاک کی عظمت کا اعتراف تمام مسالک و مکاتب و غیر مسلم بھی کرتے ہیںآج یوم شہادت حضرت علی ؑ کے جلوس میں شیعہ، سنی حتی کہ ہندوؤں عیسائیوں کا شریک ہونا اور وحدت و اخوت ویکجہتی کا لازوال مظاہرہ لا ئق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ ظالموں سے نبردآزمائی اورمظلوموں کی تائید وحمایت علی ابن ابی طالب کا ابدی پیغام ہے اسی لئے ہم ہر ظالم و جابر کے خلاف کلمہ حق بلند کرنا فرض عین سمجھتے ہیں جمعۃ لوداع کو یوم القدس حمایت مظلومین منا کر مظلومین کشمیر و فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گے جنہیں عالمی ضمیر حتی کہ مسلم ممالک بھی فراموش کرچکے ہیں ۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ استعماری سرغنہ امریکہ دونوں ہاتھوں سے مسلمانوں کے وسائل لوٹ رہا ہے ایک طرف سعودی حمایت میں قطر کو مطعون کررہا ہے ساتھ ہی قطر کو اربوں ڈالر کا اسلحہ فروخت کررہا ہے لیکن مسلم حکمران ہوش کے ناخن نہیں لے رہے ذات اور انا کے خول میں بند ہو کر اپنے ہاتھوں اپنی تاراجی کا سامان کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج عالم اسلام کو دہشت گرد خوارج کا چیلنج در پیش ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لئے علی ابن ابی طالب ؑ کی سیرت پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ علی ؑ وہ ہستی ہیں جنہوں نے نبی کی گود میں آنکھ کھولی اور نبی ؐ کی آنکھ حضرت علی کی گود میں بند ہوئی ۔
جلوس عزا کے دوران علمائے اہلسنت ومشائخ رہنماؤں نے مفتی اقبال رضوی ،پیر عظمت سلطان قادری کی قیادت اورانجمن تاجران اور مرکزی میلاد کمیٹی کے عہدیداران نے ندیم شیخ، شاہد غفور پراچہ کی سرکردگی میں قائد ملت جعفریہ آغا سیدحامد علی شاہ موسوی سے ملاقات کرکے شہادت علی ابن ابی طالب پرتعزیت پیش کی ۔شہادت حضرت علی ؑ کے مرکزی جلوس میں انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔ پولیس کی بھاری نفری کے علاوہ مختار فورس ‘ابراہیم سکاؤٹس اوپن گروپ کے سینکڑوں رضا کاروں نے حفاظتی انتظامات سنبھال رکھے تھے ۔ جلوسِ عزا میں راولپنڈی ریجن کے بیسیوں ماتمی حلقوں اور ہزاروں غمگساروں نے شرکت کی ۔ناولٹی چوک میں تابوت پہنچنے پر زبردست زنجیر زنی کی گئی ۔مرکزی جلوس تابوت فوارہ چوک اورٹرنک بازار سے ہوتا ہوا سحری کے وقت امامبارگاہ کرنل مقبول حسین پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔دورانِ جلوس کشمیری بازار میں مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن ،مختار جنریشن راولپنڈی کی جانب سے عزاداری کیمپ لگایا گیا تھا جہاں شرکاء کیلئے سبیل کاخصوصی بندوبست تھا۔جبکہ ابراہیم سکاؤٹس کی جانب سے زنجیرزنوں کیلئے فرسٹ ایڈمیڈیکل کیمپ لگایاگیا۔درایں اثنا ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع میں موصولہ اطلاعات کے مطابق کراچی لاہور کوئٹہ ملتان فیصل آباد پشاورگجرات حیدر آباد سکھر لاڑکانہ جیکب آباد بہاولپورگوجرانوالہ سیالکوٹ کوہاٹ ہنگو پاراچنار ڈیرہ اسماعیل خان گلگت بلتستان مظفر آباد باغ میر پور ڈڈیال آزاد کشمیرسمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں دیہات میں شہادت علی ابن ابی طالب ؑ کی مجالس منعقد ہوئیں اور تابوت کے جلوس نکالے گئے جن میں بلاتفریق مسالک و مکاتب اسلامیان پاکستان نے شرکت کرکے بارگاہ مصطفوی ؐ میں اخ الرسول ؐ حضرت علی ابن ابی طالب کا پرسہ پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے


Notice: ob_end_flush(): failed to send buffer of zlib output compression (1) in D:\hshome\automotonk\walayat.net\wp-includes\functions.php on line 3721

Notice: ob_end_flush(): failed to send buffer of zlib output compression (1) in D:\hshome\automotonk\walayat.net\wp-includes\functions.php on line 3721