مقبوضہ کشمیر کرہ ارض کاسب سے بڑا قیدخانہ؛ لبیک یا حسین ؑ اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھارتی استبداد کی شکست کا اعلان ہے، قائد ملت جعفریہ آغا امد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

کوئی مودی ٹرمپ اور نیتن یاہو جیسا یزید حسین ابن علی ؑ کے نام لیواحریت پسندوں کو شکست نہیں دے سکتا، یوم یکجہتی کشمیر پر دعائیہ اجتماع سے خطاب
پاکستان کے تمام شہروں اور بیرونی ممالک میں کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے ٹی این ایف جے کی ریلیاں ، شہداء کو خراج عقیدت،مساجد امام بارگاہوں میں آزادی کیلئے دعائیں

اسلام آباد( ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی ٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرظالم بھارتی افواج کے حصار میں کرہ ارض کاسب سے بڑا قیدخانہ ہے جہاں بربریت رقصاں و فرحان اور انسانیت سسکیاں لے رہی ہے،کشمیر کی ویران آبادیاں اور آباد جیل خانے عالمی اداروں کی بے حسی کا ماتم کررہے ہیں ،شہادت کو مسکرا کر چومنے والے کشمیریوں کی زبان پر جاری لبیک یا حسین ؑ اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھارتی استبداد کی شکست کا اعلان ہے پاکستان میں ہونے والی متواتر دہشت گردی کشمیریوں کی تحریک حریت کو چھپانے کی سازش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں بیٹیوں کے چہرے پیلٹ گنوں سے چھلنی کردیئے گئے ، ہزاروں خوبرو جوان آزادی ککا بنیادی حق مانگنے کی پاداش میں امریکہ و اسرائیل کی جانب سے فراہم کردہ بارود کے ساتھ بھون دیئے گئے لیکن کوئی عالمی ادارہ ٹس سے مس نہیں ہو رہا بھارت کو اعزازات سے نوازنے اور دوستیاں گھانٹنے والے مسلم ممالک قہر الہی کو دعوت دے رہے ہیں، بھارتی مظالم سے جنگی جرائم بھی شرما رہے ہیں لیکن کوئی عالمی عدالت کشمیریوں کی آواز پر کان دھرنے کو تیار نہیں جو یہ ثابت کرتا ہے کہ اس وقت دنیا میں جنگل کا قانون نافذ ہے پوری دنیا کان کھول کر سن لے کہ دنیا کی تمام ترطاقتیں اپنے ہر جدید اور مہلک ترین ہتھیاروں سے لیس ہو کر بھی مظلوموں کا راستہ نہیں روک سکتیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع میں منعقدہ دعائیہ اجتما ع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مظلوم کشمیری اپنی جدوجہد جاری رکھیں صرف پاکستانی ہی نہیں دنیا کا ہر غیرت مند اور باضمیر انسان ان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہے ، مظلوموں کی فتح کا الہی وعدہ ضرور پورا ہو کر رہے گاکوئی مودی ٹرمپ اور نیتن یاہو جیسا یزید حسین ابن علی ؑ کے نام لیواحریت پسندوں کو شکست نہیں دے سکتا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ا قوام متحدہ بھارت کو جنگی مجرم قرار دے کر کاروائی کرے بصورت دیگر لیگ آف نیشنز سے بھی بدتر انجام کیلئے تیار رہے ،کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی افواج کی تعیناتی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے ،کشمیریوں کو انسانی حقوق اور سیاسی آزادیاں دلوائی جائیں اجتماعات پر پابندی ختم کی جائے میلاد النبی ؐ اور عزاداری امام حسین ؑ پر پابندیاں ختم کی جائیں۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ8جولائی 2016 کو برہان وانی کی المناک شہادت کے بعد تحریک آزادی کشمیر نے نئی انگڑائی لی ہے اور کشمیری دھڑا دھڑ شہادتیں پیش کررہے ہیں سینکڑوں آنکھوں سے محروم ہو چکے ہیں ہزاروں ہسپتالوں میں تڑپ رہے ہیں بچے خوف کی تصویر اور عورتوں کی حرمتیں پامال ہو رہی ہیں ہزاروں لوگ لاپتہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر خود نہرو اقوام متحدہ میں لے کر گیا 1948سے 1957تک سلامتی کونسل نے درجن بھر قراردادوں کے ذریعے یہ فیصلہ دیا کہ کشمیر کا مسئلہ استصواب رائے کے ذریعے حل کیا جائے ۔

آغا سیدحامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ سابقہ یو این سیکرٹری جنرل بطروس غالی کے دور میں یو این قانون کے چارٹر کے چھٹے باب کے تحت کشمیر پر قرارددوں کا موثر ہونا تسلیم کیا گیا لہذا اقوام متحدہ پر لازم ہے کہ ان پر عمل کروائے ۔انہوں نے کہ اکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق بھارت مقبوضہ رقبے کے مطابق 12سے 18ہزار فوج رکھ سکتا ہے لیکن آج بھارت میں آٹھ لاکھ فوج مظلوم کشمیریوں کے ساتھ بدترین درندگی کا مظاہرہ کر رہی ہے لہذا یواین کشمیر سے فوجوں کا انخلا ء کروائے۔

درایں اثنا ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع میں آمدہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کے تمام شہروں میں کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے پروگرام منعقد ہوئے ۔اوورسیزکارکنان نے مختلف ممالک میں اقوام متحدہ کے دفاتر اور بھارتی سفارتخانوں کے سامنے منعقد ہونے والے احتجاجی پروگراموں میں بھر پور شرکت کی ،پاکستان کے تمام شہروں کی مساجد امام بارگاہوں میں دعائیہ تقریبات ہوئیں اور کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور کشمیر کی آذادی کیلئے دعائیں کی گئیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.