حکمران اورسیاستدان دفاع وطن کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔ حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

حکمران اورسیاستدان دفاع وطن کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔ حامد موسوی
اگر ملک ہے تو سیاست بھی چلے گی ،وطن کے دفاع و استحکام کو فوقیت دی جائے ، عالمی سرغنے ، بھارت، اسرائیل گٹھ جوڑ کا مقصد پاکستان کو ٹارگٹ کرنا ہے
امریکی صدر ٹرمپ کے الیکشن جیتنے کی بنیاد اسلام دشمنی تھی اسی لیے بر سر اقتدار آتے ہی دہشتگردی کو اسلام سے نتھی کر کے ایران کو دہشتگردی کا منبع ، بھارت کو اسکا شکار کہا
اورکزئی میں ڈرون حملے پر امریکہ کا یہ کہنا کہ کسی کیمپ کو نشانہ نہیں بنایا گیا اور کاروائی کی جگہ بتانے سے گریزدال میں کچھ کالا ہے کے مصداق ہے
حکومت کسی حملے ،جارحیت کیخلاف احتجاج پر اکتفاکرنے کی بجائے پارلیمنٹ کی قرارداد کیمطابق ڈرون طیارے گرانے کا آپشن استعمال کرے
مسائل کے حل کیلئے خانوادہ عصمت کی سیرت وکردارکومشعل راہ بنانا ہوگا۔ قائدملت جعفریہ کا ہفتہ عظمت محمد و آل محمد کے آغاز پر خطاب

اسلام آباد ( ) سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علماء بورڈ قائد تحریک نفاذ فقہ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے حکمرانوں ،سیاستدانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایکدوسرے کو زیر کر نے کی بجائے دفاع وطن کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں کیونکہ اگر ملک ہے تو سیاست بھی چلے گی ،وطن کی مضبوطی ، استحکام اور دفاع کو ہر شے پر فوقیت دی جائے ، عالمی سرغنے ، بھارت، اسرائیل گٹھ جوڑ کا مقصد پاکستان ہی کو ٹارگٹ کرنا ہے ، نیتن یاہوکادورہ بھارت میں یہ کہنا کہ ہم پاکستان کے دشمن نہیں پاکستان بھی ہم سے دشمنی نہ کرے اسے ذہن نشین رکھنا چاہیئے کہ امیر المومنین حضرت علی المرتضیٰ کا فرمان ہے دشمن کا دوست بھی دشمن کہلاتا ہے ،امریکی صدر ٹرمپ کے الیکشن جیتنے کی بنیاد اسلام دشمنی تھی،جنوبی ایشیاء کیلئے نئی امریکی پالیسی پاکستان کو ٹارگٹ کرنے کیلئے دی گئی ہے اسی لیے ڈو مور کے مطالبات آج تک جاری ہیں جبکہ ہمارے حکمران زبانی نو مور کہہ رہے ہیں،ہفتہ عظمت محمدؐآلؑ محمدؐ منانے کامقصددنیاپرواضح کرناہے کہ اسلام پوری انسانیت کانجات دہندہ ہے،تمام کلمہ گویوں پرلازم ہے کہ وہ خانوادہ عصمت کی برگزیدہ ہستیوں کی سیرت وکرداراورکارہائے حسنہ کواجاگرکرکے اسے اپنے لئے مشعل راہ بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ہفتہ عظمت محمد و آل محمد کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔آقای موسوی نے باور کرایا کہ صد ر ٹرمپ نے بر سر اقتدار آتے ہی دہشتگردی کو اسلام سے نتھی کر کے 7مسلم ممالک کے باشندوں کے امریکہ داخلے پر پابندی لگائی جسکی عالمی ادارو ں سمیت عرب لیگ اور او آئی سی تک نے مذمت کرنے کی بجائے برادر ملک نے ریاض کانفرنس میں ٹرمپ کی میزبانی کرکے نام نہاد اسلامی عسکری اتحاد کو وجود دیا جس نے نہ صرف ایران کو دہشتگردی کا منبع کہا بلکہ مودی کی پشت تھپک کر بھارت کو دہشتگردی کا شکار ہونے کی ہرزہ سرائی کرکے کشمیری جد وجہد آزادی کو دہشتگردی قرار دیا جبکہ پاکستانی وزیر اعظم کیساتھ نازیبا سلوک کیا گیا جوسب پر عیاں ہے۔ انہوں نے کہا عالمی سرغنے ہی کے ایما پر قطر کا حصار تا ہنوز جاری ہے ۔ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ اورکزئی ایجنسی میں کیے گئے ڈرون حملے کے بارے میں امریکہ کا یہ کہنا کہ کسی کیمپ کو نشانہ نہیں بنایا گیا اور یہ بتانے سے گریز کرنا کہ کاروائی کہاں کی گئی دال میں کچھ کالا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان پر کسی ممکنہ حملے میں ڈرون کو گرانے کا اعلان کیا تھا لہذا اورکزئی میں ہونے والے حالیہ حملے کا پاکستان کو منہ توڑ جواب دینا چاہیئے تھا تاکہ قوم کا مورال بلند ہو تا کیونکہ ڈرون حملہ پاکستان کے اندر کیا گیا تھا ۔قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ حکومت پاکستان پر لازم ہے کہ وہ پاکستان کیخلاف کسی بھی حملے اور جارحیت کیخلاف محض سخت احتجاج کرنے پر اکتفانہ کرے بلکہ پارلیمنٹ میں منظور شدہ قرارداد کے مطابق ڈرون طیارے گرانے کا آپشن استعمال کیا جائے تا کہ دشمن اشتعال انگیزی سے باز رہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.