سیدہ زینبؑ نےیزیدیت کو تا قیامت نابود کر دیا، امریکی سفیرکاامریکہ بھارت فرینڈشپ کونسل سے خطاب نہایت تشویشناک ہے،آغا حامد موسوی 

ولایت نیوز شیئر کریں

اسلام آباد(ولایت نیوز )سپریم شیعہ علماء بور ڈ کے سرپرست اعلیٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہاہے کہ بھارت کوخطے کی برترطاقت بناناعالمی استعمار کا شیطانی ایجنڈاہے، امریکہ افغانستان میں اپنی موجودگی برقرار رکھنے کیلئے پاکستا ن کو مزید استعمال کرنا چاہتا ہے جبکہ بھارت کو ہر قسم کے اسلحہ سے لیس اور اُسے اپنا فطری اتحادی قرار دے رہا ہے،اندرونی و بیرونی خطرات سے غافل ہمارے حکمران ، سیاستدان ایکدوسرے کو گرانے پر پوری قوت صرف کر رہے ہیں جنہیں صرف ذات و جماعت عزیز ہے، دشمن کی سازشوں کو ناکام کرنے اور وطن عزیز کو ترقی کے بام عروج تک پہنچانے کیلئے تمام محب وطن قوتوں کو ساتھ ملا کر جرات مندانہ لائحہ عمل اور ملکی بقا و سلامتی پر مبنی مضبوط خارجہ پالیسی وضع کرنی ہو گی،اسیران کربلا کی سیدہ سردار حضرت زینب بنت علی نے دشمن خدا و رسول ؐ یزید پلید کو لعنت و ملامت کے گرداب میں پھسا کر ظاہری فتح کی وقتی لذت کا خمار خاک میں ملا کر یزیدیت کو تا قیامت نابود کر دیا اور آج پوری کائنات میں اسلام کا پرچم آب و تاب کیساتھ لہرا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے بزرگ عزادار چوہدری احمد خان مرحوم کے فرزند چوہدری اظہر عباس ، مولانا سید مبشر حسین کاظمی، صفدر عباس، جمیل عباس کی سرکردگی میں ضلع چکوال کے چالیس رکنی وفد میں شامل عزاداروں اور عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پروفدنے چکوال میں عزاداران کودرپیش مسائل بھی پیش کیے اورقائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے ضابط عزاداری پرعمل کرنے کے عہدکااعادہ کیا۔

آقای موسوی نے باور کرایا کہ اقوام متحدہ میں امریکی سفیرکاامریکہ بھارت فرینڈشپ کونسل سے خطاب نہایت تشویشناک ہے جس میں افغانستان کومضبوط ومستحکم کرنے اورافغان جھگڑے کوطے کرنے کیلئے جس میں امریکہ کی طرف سے بھارت کی مدد کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا گیاہے کہ یہ نہ صرف افغانستان کی تعمیروترقی کیلئے بلکہ اسلئے ضروری ہے کہ بھارت پاکستان پرنظررکھنے میں بھی امریکہ کی مددکرسکتاہے ۔

آقای موسوی نے کہا کہ امریکی سفیرکا بیان پاکستان کیخلاف برہنہ جارحیت ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جہاں تک دوستی اور مرکزی کردار کی بات ہے امریکہ بھارت کو ترجیح دے چکا ہے چنانچہ 21اگست کو صدر ٹرمپ نے پاکستان کو کھل کر دھمکیاں دیں جس سے یہ تاثر ابھرا کہ پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی پر نطر ثانی کرنی ہوگی ،اسی لئے 23اگست کو پاک فوج کے سالار نے بیان دیا کہ پاکستا ن کو امریکی امداد نہیں اعتماد چاہئے اور امریکہ پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے۔

اُنہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ امریکہ اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کو زیر کرنے پر صرف کر رہا ہے کیونکہ اس کے علم میں کہ ایٹمی منصوبے اور سی پیک کو سبوتاژ کیے بغیر پاکستان غیر مستحکم اور بھارت کی بالادستی قائم نہیں ہو سکتی لہٰذا بھارت نے امریکی شہہ پر پاکستان میں کھلے عام دہشتگردی کو وطیرہ بنا رکھا ہے بلکہ ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر کاروائیاں بھی شروع کر دی ہیں جو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے ۔

قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ دہشتگردی کی جنگ میں آغا ز ہی سے بھار ت کا کوئی کردار نہیں بلکہ وہ خود اس میں ملوث ہے جبکہ پاکستان نے فرنٹ لائن کا کردار اد ا کر کے 70ہزار سے زائد جانوں کے نذرانے پیش کیے اربوں کھربوں کا نقصان اٹھایا ، شہر وں کے شہر اجڑوائے ۔اُنہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے سپوتوں اور بیگناہ اہل وطن کی قربانیاں ہر گز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.