خیمہ سادات شاہ پور ٹیکسلا میں عشرہ بیمار کربلاؑ کے جلوس عزا کی برآمدگی

ولایت نیوز شیئر کریں

،مختلف مکاتب فکر نے شرکت کی ،سنی شیعہ اتحاد کا عملی مظاہرہ
امام زین العابدین ؑ زہد و عبادت کے بے مثل شاہکار تھے جن کی روحانیت کے دشمن بھی معترف ہیں،حسین ؑ ہر مذہب کے پیشوا ہیں
حکومتنیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، کالعدم گروپوں کو آہنی شکنجے میں جکڑے ۔علامہ حسین مقدسی ،قمرزیدی ،شیخ اعجاز،اقبال بجاڑ اور دیگر کا خطاب

ٹیکسلا (ولایت نیوز) سید الساجدین حضرت امام زین العابدین ؑ کی شہادت کے سلسلے میں عشرہ بیمار کربلاکی مناسبت سے آغاسید افتخار حسین مشہدی ‘ آغاسید جون علی مشہدی ‘سید ظہور حسین شاہ نقوی اور اختر حسین شاہ نقوی کے زیراہتمام خیمہ سادات پی ایم او روڈ نزد ٹیکسلا میوزیم میں مجلس عزا منعقد ہوئی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ سید حسین مقدسی نے حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی سیرت و کردار اور پیغام حسینیت کیلئے گراں قدر خدمات اور قربانیوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ بیمار کربلا نے پابندِ سلاسل ہونے کے باوجود یزیدیت کی سازشوں اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیا جس کی بدولت نام یزید داخل دشنام ہوگیا۔
علامہ شیخ اعجاز حسین مدرس نے کہاکہ حضرت امام زین العابدین ؑ واقعہ کربلا کے چشم دید گواہ اور وارث خون حسین ہیں جن کی تمام زندگی پیغام حسینیت کے فروغ اور دفاع میں بسر ہوئی ۔آپ غرباء اور مساکین پر بہت مہربان تھے اور صرف مدینہ میں سو سے زائد غریب گھرانوں کی حفاظت فرماتے تھے اور کبھی غرباء کو اپنے دروازے پر دست سوال دراز کرنے کا موقع نہیں دیا بلکہ آپ کا شعار تھا کہ آپ ؑ خوراک کی بوریاں اپنی پشت پر لاد کر رات کی تاریکی میں مستحقین تک پہنچاتے تھے۔
علامہ سید قمرحیدرزیدی نے کہا کہ امام عالی مقام حسین ؑ ابن علی ؑ ہر مذہب کے پیشوا ہیں کیونکہ آپ ؑ نے انسانیت کے اعلی اہداف اور پاکیزہ رشتوں کے تقدس کو بچایایہی وجہ ہے کہ غیر مسلم بھی بارگاہ حسینیت میں سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔
ذاکر ملک علی رضا کھوکھر ایڈووکیٹ نے کہا کہ کربلا ہر دور کے حریت پسندوں کیلئے غلامی سے نجات کا استعارہ اور آزادی کی تحریکوں کاسرچشمہ ہے۔چوہدری مشتاق حسین نے کہا کہ امام زین العابدین ؑ امامت و عصمت اور زہد و عبادت کے بے مثل شاہکار تھے جن کی روحانیت کے دشمن بھی معترف ہیں اور ان جیسا عبادت گزار تاریخ صدیاں گزر جانے کے بعد بھی نہیں دکھاسکی۔
مجلسعزا سے ذاکر اقبال حسین شاہ بجاڑ، مفتی باسم عباس زاھری‘مولانا اسد عباس نقوی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرایک قرارداد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کالعدم دہشتگرد گروپوں کو سیاسی ڈھیل دینے کی بجائے آہنی شکنجے میں جکڑے ۔ایک اورقراردادمیں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ25محرم کو ملک بھر میں منعقد ہونے والے عالمی عشرہ بیمار کربلا کے مرکزی پروگراموں کے دوران سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کرے ۔قرارداد میں اس عہد کا اظہار کیا گیا کہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کردہ ضابطہ عزاداری پر عمل کرتے ہوئے8ربیع الاول تک عزائے مظلوم کربلا کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا ۔
مجلس کے اختتام پر جلوس ذوالجناح و علم حضرت عباس علمدارؑ برآمد ہواجس میں مختلف ماتمی تنظیموں نے شرکت کی۔جلوس سید اختر حسین شاہ اورسید ظہور حسین شاہ کی رہائش گاہوں سے ہوتا ہوا براستہ پی ایم او روڈ امام بارگاہ قصر زہرا پہنچ کر اختتام پذیر ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر سنی شیعہ اتحاد کا عملی مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے


Notice: ob_end_flush(): failed to send buffer of zlib output compression (1) in D:\hshome\automotonk\walayat.net\wp-includes\functions.php on line 3727

Notice: ob_end_flush(): failed to send buffer of zlib output compression (1) in D:\hshome\automotonk\walayat.net\wp-includes\functions.php on line 3727