شجاعت بخاری کی سرکردگی میں ٹی این ایف جے وفد کی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ہنگامی ملاقات

شیعہ سنی سب عزادار ہیں ، مجلس ماتم زنجیر زنی پر کوئی پابندی نہیں,وزیر مملکت برائے داخلہ کی ٹی این ایف جے کو عزاداروں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی

ولایت نیوز شیئر کریں

عزاداروں کے مسائل کے حل کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے وفد کی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ملاقات
سیکرٹری جنرل شجاعت بخاری نے قیادت کی ؛ذاکرین ،زائرین کے مسائل  ، کالعدم تنظیموں سے خدشات اور کنٹرول رومز کے عدم قیام سے آگاہ کیا
امام حسین ؑ کا پوری انسانیت پر احسان ہے شیعہ سنی مل کر غم مناتے ہیں کئی علاقوں میں عزاداری کے لائسنس اہل سنت کے پاس ہیں ،طلال چوہدری
حکومت تمام مکاتب کو ان کے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے،
ملک بھر میں کنٹرول رومز قائم کردیئے گئے حکومت امن کے قیام کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لارہی ہے ، وفد کو یقین دہانی ،ٹی این ایف جے ضابطہ عزاداری کو سراہا

اسلام آباد( ولایت نیوز)عزاداروں کے مسائل کے حل کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سیکرٹری جنرل شجاعت بخاری کی سرکردگی میں وفد نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ہنگامی ملاقات کی ۔ اور انہیں مختلف علاقوں میں ذاکرین ،زائرین کے مسائل  ، کالعدم تنظیموں کے حوالے سے خدشات اور کنٹرول رومز کے عدم  قیام سے آگاہ کیا۔

وفد نے واضح کیا کہ عزاداری ہماری شہ رگ ہے  تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے عزاداری کے جلوسوں پرمارشل لائی  پابندی کے خلاف 8ماہ پرامن ایجی ٹیشن کیا جس کے نتیجے میں طے پانے والا موسوی جونیجو معاہدہ مذہبی آزادیوں کی ضمانت ہے ۔

طلال چوہدری نے وفد کو آگاہ کیا کہ حکومت عزاداروں کی سیکیورٹی ، امن کے قیام کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لارہی ہے ، ملک بھر میں کنٹرول رومز قائم کردیئے گئے ہیں عزداری کی شعائر مجلس ماتم زنجیر زنی پر کوئی پابندی نہیں ،حکومت تمام مکاتب کو ان کے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔

طلال چوہدری نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ ٹی این ایف جے عزاداری سیل کی جانب سے اجاگر کئے گئے ایشوز کو حل کیا جائے گا،کوئٹہ تفتان آمدورفت میں زائر ین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے دیرپا اقدامات کئے جائیں گے، شیڈول فور میں شامل بے گناہوں کے کیسز کا مکمل جائزہ لے کر انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔

انہوں نے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ عزاداری کو سراہتے ہوئے اسے وقت کی ضرورت قراردیتے ہوئے کہاکہ امام حسین ؑ کا پوری انسانیت پر احسان ہے ، ہر باضمیر انسان نواسہ رسول ؐ کا ممنون ہے ،تمام شیعہ سنی مل کر غم امام حسین ؑ مناتے ہیں کئی علاقوں میں عزاداری کے جلوسوں کے لائسنس اہل سنت کے پاس ہیں ۔شیعہ سنی برادران اتحاد و یکجہتی کے ساتھ دین و طن کی بھلائی کیلئے کام کرتے رہیں گے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے


Notice: ob_end_flush(): failed to send buffer of zlib output compression (1) in D:\hshome\automotonk\walayat.net\wp-includes\functions.php on line 3728

Notice: ob_end_flush(): failed to send buffer of zlib output compression (1) in D:\hshome\automotonk\walayat.net\wp-includes\functions.php on line 3728