حضرت امام محمد تقی ؑ کی شہادت کی مناسبت سے ایام تقوی کی مجالس جاری

ولایت نیوز شیئر کریں

امام جوادؑ نے ظلم و جبرکاثابت قدمی کیساتھ مردانہ وار مقابلہ کیا۔ علامہ حسین مقدسی اوردیگرکاخطاب
راولپنڈی(ولایت نیوز ) قائد ملتِ جعفریہ آغا سیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کا یوم شہادت منگل کو’’ یوم تقویٰ‘‘ کے طور منایاجائیگا۔اس موقع پرملک بھرکے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں مجا لس عزا اور جلوس ہائے تابوت برآمدہوں گے۔درایں اثناء ایام تقویٰ کے پروگرام سوموار کوبھی جاری رہے ۔

انجمن غلامان حیدر کرار ؑ کے زیراہتمام جامع مسجداہلبیت ؑ واہ کینٹ میں علامہ حسین مقدسی نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اطاعت و بندگی تقویٰ ہی کو گردانا گیا ہے اور اس کے حقیقی مصداق محمدؐ و آل محمد ؐ کو مانا گیا ہے جن کے ہرفرد زن ومردصغیرو کبیرنے اسے معراج و کمال عطا کیا ،انہی میں سے ایک عظیم ہستی حضرت امام محمد تقی ؑ ہیں جو تقویٰ کی اس منزل عظیم پر فائزتھے جس کی وجہ سے آپ ؑ کو تقی سے ملقب کیاگیا۔انہوں نے باورکرایاکہ اس وقت عالم انسانیت بالعموم اور عالم اسلام و پاکستان بالخصوص جن مظالم اور مشکلات کا شکار ہے اس کی بنیادی وجہ نظریہ اساسی سے انحراف ہے جس کیلئے محمد و آل محمد علیہم السلام نے عظیم ترین قربانیاں پیش کیں جو آج بھی دنیائے مظلومیت کیلئے مشعل راہ ہیں جن کی تاسی میں کشمیر و فلسطین ،عراق و افغانستان میں حریت و آزادی کے متوالے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں درپیش چیلنجوں کی سنگینی اس بات کی متقاضی ہے کہ ہم امام محمد تقی ؑ کے پاکیزہ کردار کو اپنائیں جو زہد وتقویٰ کی منزل کمال پر فائز تھے ،اس مقصد کیلئے ہمیں ذاتی و گروہی اختلافات سے بالا تر ہو کر داخلی شورشوں ،ظلم و بربریت اور دہشت گردی کے قلع قمع کیلئے ایک اور نیک ہو کردین و وطن کی سربلندی کیلئے جرات و دلیری کے ساتھ عملی کوششیں کرنا ہونگی ،اسی میں ہم سب کی نجات اور دشمنان دین و شریعت کی موت ہے ۔

امام بارگاہ قصرابوطالب ؑ میں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے شوکت رضاشوکت ،ذاکروسیم عباس نے کہاکہ حضرت امام محمد تقی علیہ السلام نے اپنے آباؤ اجداد کے مشن کو بڑھاتے ہوئے ہر ظالم و جابر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ امام تقی علیہ السلام کی ساری زندگی پیار و محبت ،علم و عمل ،اخوت و رواداری کا درس دیتے ہوئے گزری۔آپ ؑ نے اپنے نانا رسول ؐاللہ کے فرمودات کو لوگوں تک پہنچانے میں ہر قسم کی سعی کی۔مجلس سے دیگرذاکرین نے بھی خطاب کیا۔ہیت طلبائے اسلامیہ کے زیر اہتمام ایام تقوی کی دوسری مجلس علی ؑ ہال میں منعقد ہوئی ۔ مفتی باسم زاھری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسوہ امام محمد تقی ؑ کی عملی پیروی کو دنیا و آخرت میں کامیابی کا بہترین وسیلہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مادیت اور افرا تفری کے دور میں ظلم اپنی انتہا کو چھو رہا ہے ، مظلومین کا کوئی پرسان حال نہیں ، باطل قوتیں اپنے توسیع پسندانہ عزائم کی تکمیل کیلئے پسماندہ اور غریب ممالک پر چڑھائی کیے ہوئے ہیں ، مسلم حکمران بڑی طاقتوں کے آلہ کار بن کر اپنے اقتدار کی بقا کیلئے کوشاں ہیں جنہیں عالم اسلام کی وسیع تر مفاد کیلئے کام کرنا ہوگا ورنہ ان کی داستان بھی داستانوں میں نہیں رہے گی ۔

مجلس سے احمد کاظم شیراز ، فیضان علی فیضی ، چوہدری علی حیدر حیدری اور دیگر ذاکرین نے بھی خطاب کیا۔انجمن کنیزان امام العصر و الزمان ؑ کے زیر اہتمام شعب ابی طالب ؑ میں مجلس تقویٰ سے خطاب کرتے ہوئے خطیبہ سیدہ بنت موسیٰ موسوی نے کہا کہ حضرت امام محمد تقی ؑ نویں جانشین رسول ؐ اور مرکز تقوی تھے جنہوں نے اپنے مختصر دورہ حیات میں دین خداوندی اور شریعت محمدی ؐ کے فروغ و تحفظ کیلئے گراں قدر خدمات سر انجام دیں اور دشمنان دین کی سازشوں کو ناکام کر دیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.