علامہ قمر حیدر زیدی مجلس عزا سے خطاب کررہے ہیں ۔

چک راجگان:قربانئ حسین ابن علی ؑ سے اسلام زندہ و پائندہ ہو گیا،علامہ قمر زیدی

ولایت نیوز شیئر کریں

گوجرخان (ولایت نیوز )تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سید قمر حیدر زیدی نے کہا ہے کہ دہشت گردی اسلام کی ضد اور یزیدیت ہے جس کے خاتمے کیلئے حسینیت کو شعار بنانا ہو گا، اسلام امن کا پرچارک اور انسانی حقوق کا سب سے بڑا علمبردار ہے شیطانی قوتیں ایک منظم سازش کے تحت دہشت گردی کو مسلمانوں کے سر تھوپ کر دین توحید کا راستہ روکنا چاہتی ہیں،محمد و آلِ محمد ؑ کی تعلیمات کا نقش تاریخ انسانی پر ہمیشہ ثبت رہے گا ، پاکستان تمام مکاتب کی مشترکہ قربانیوں اور متحدہ کاوشوں کا ثمر ہے ، دشمن کی ہر سازش کو سنی شیعہ اتحاد سے ناکام بنا دیا جائے گا اور دین و وطن کی حرمت اور تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چک راجگان میں مولانا سید اسد عباس بخاری کے زیر اہتمام سالانہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سید قمر زیدی نے باور کرایا کہ امت مسلمہ کو اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی عالم اسلام متحدہو کر ہی اغیار کی سازش کو ناکام بنایا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خانوادہ رسالت نے دنیائے انسانیت کو علم و عرفان کے ذریعے افتخار بخشا اور عدل کی بنیاد پر استوار کائنات میں مبلغ توحید ہونے کا حق ادا کیا اور دنیا پر واضح کیا کہ عدل ہی تمام دنیا کے بحرانوں سے نجات کی ضمانت ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول ؐ امام عالی مقام حضرت حسین ابن علی ؑ نے میدان کربلا میں جبر ناروا کے سامنے سینہ سپر ہو کر علی اکبر ؑ و عباس ؑ ، قاسم ؑ و عون و محمد ؑ ،کمسن علی اصغر ؑ اور بوڑھے صحابی رسول حبیب ابن مظاہر اور حر سمیت اپنے جگر پاروں اور جانثاروں کی قربانیاں دیکر اسلام کو تا ابد حیات جاوداں عطا کر دی ۔

انہوں نے کہا کہ شہید انسانیت کی لازوال قربانی سے اسلام اور انسانیت زندہ و پائندہ ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا و آخرت میں سرخروئی کیلئے خاندانِ عصمت کی پاکیزہ سیرت بہترین نمونہ عمل اور انکے طرزِ حیات کی عملی پیروی ظلم و جبر کا مقابلہ کرنے کا بہترین سیلقہ اور دنیاو آخرت میں ابدی نجات کی ضمانت ہے۔علامہ آغا علی حسین قمی نے کہا کہ اولاد رسول ؐ نے پیغام توحید و رسالت و لایت کی تبلیغ و ترویج ،عدلِ الہی کے قیام اور ظلم و بربریت اور جارحیت کے انہدام کیلئے اپنے زمانے کے ظالم و جابر حکمرانوں کا جرات و دلیری کے ساتھ مقابلہ کیا اور عوام الناس کی بہتری اور ظالمین سے نجات کیلئے امانت و صداقت کو بطورِ ہتھیار استعمال کیا جس سے لیس ہوکر ہم آج بھی طاغوت سے نجات اور چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ معصومین علیہم السلام کی تمام زندگی مخلوق خدا کی خدمت اور خالق کی اطاعت میں بسرہوئی جنہوں نے مصائب و آلام برداشت کرنے کے باوجود باطل کے سامنے سر نہیں جھکایا۔مجلس عزا سے علامہ حامد رضا سلطانی ، ذاکر حسن تلہاڑا ، مولانا سید علی باصر صادقی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر منظور کردہ قراردادوں میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمدکا مطالبہ کیا گیا اور و دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عساکر پاکستان کے آپریشن رد الفساد اور خیبر 4کی جلد کامیابی اور شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے


Notice: ob_end_flush(): failed to send buffer of zlib output compression (1) in D:\hshome\automotonk\walayat.net\wp-includes\functions.php on line 3728

Notice: ob_end_flush(): failed to send buffer of zlib output compression (1) in D:\hshome\automotonk\walayat.net\wp-includes\functions.php on line 3728