جناح ایونیو اسلام آباد پر ماتم حسینؑ کی دلدوز صدائیں :مزاراتِ مقدسہ کی خستہ حالی کیخلاف مختار آرگنائزیشن کی ماتمی ریلی 

ولایت نیوز شیئر کریں

اسلام آباد( ولایت نیوز)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے اعلان کردہ عالمگیر عشرہ صادق آل محمد ؐ کی مناسبت سے جمعہ کومشاہیر اسلام کے مزارارتِ مقدسہ کی عظمتِ رفتہ کی بحالی کیلئے مختارآرگنائزیشن پاکستان (ایم او) کی جانب سے ملک بھر پر امن احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں ہوئیں جن میں1924 میں حضور اکرم ؐ کے جد امجد حضرت ہاشم ،خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا ؑ ،حضرت امام جعفر صادق ؑ اور دیگر بزرگانِ دین کے مزارات، 160سے زائد مساجد و اسلامی آثار کی تباہی و مسماری کیخلاف پر زور صدائے احتجاج بلند کی گئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب سے احتجاجی ماتمی ریلی نکالی گئی جسکی قیادت سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے سید شجاعت علی بخاری ،علامہ گفتار حسین صادقی ،علامہ سید زاہد عباس کاظمی، علامہ سید محسن علی ہمدانی ،علامہ ابو الحسن تقی، علامہ فخر عباس عابدی، مفتی باسم زاہری،علامہ وقار حسین قمی،الحاج غلام مرتضیٰ چوہان ،مختار آرگنائزیشن کے شریک چیئرمین سیدشہاب رضوی ،مرکزی صدرملک علی فرقانی،سیدثمرالحسن نقوی ، حاجی مختارشاہ ، سید محمدعباس کاظمی، سید علی زین نقوی، سید علی اجود نقوی ،سیدعلی رضاجعفری ، ،ذوالفقار علی راجہ ،سید نعیم کاظمی ،ذاکرسید ضمیر حسین کاظمی، سید نوازش علی بخاری، شوکت جعفری،نصیر حسین سبزواری اور دیگر مذہبی رہنما ،ماتمی سالارکررہے تھے۔

عالمی عشرہ صادقِ آل محمد ؐ کی مناسبت سے ہونے والے مظاہرے کے شرکاء نے اسلامی مقامات مقدسہ کی بیحرمتی وتباہی ، جنت البقیع میں حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام و دیگرآئمہ ہدیٰ ، صحابہ کبارؓ ، امہات المومیننؓ کے مزارات کی مسماری ، عراق وشام میں دہشت گردوں کے ہاتھوں ابنیاء کرام و پاکیزہ صحابہ کباراوؓ مشاہیر اسلام کی قبور ہائے مطہرات کی تباہی اورپاکستان میں اولیاء کرام کے مزارات پرحملوں کیخلاف صدائے احتجاج بلندکی۔اس موقع پر دہشت گردی کیخلاف آپریشن میں مصروف عساکر پاکستان سے بھر پور اظہاریکجہتی بھی کیاگیا،مظاہرین نے مقدس ہستیوں کے مزارات کی خستہ حالی کے خلاف احتجاجی نعرے بلندکئے اوراقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں پرزوردیاکہ وہ مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ کے تاریخی قبرستانوں جنت البقیع اورجنت المعلی میں مدفون مشاہیر کے روضہ ہائے مبارک کی ازسرنوتعمیرکیلئے اپناموثرکرداراداکریں تاکہ دنیابھر کے زائرین ان مقدس ہستیوں کی زیارات سے شرفیاب ہو سکیں۔

احتجاجی ریلی نے چائنہ چوک جناح ایونیو پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کرلی جہاں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے ہزاروں شرکا کے سامنے قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کا خصوصی پیغام پیش کیا جس میں انہوں نے واضح کیا کہ عالم انسانیت کے کے مشترکہ ورثے ،آثار ،باقیات اور نشانات کا تحفظ ،انہیں منہدم یا نقصان پہنچانے سے روکنا اقوام متحدہ کے چارٹر میں شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب سے یہ ادارہ وجود میں آیا ہے دنیائے انسانیت نے اس ادارے سے اپنی تمام تر امیدیں وابستہ کر رکھیں ہیں لیکن اس نے مظلوم ومحروم اقوام کاایک مسئلہ بھی حل نہیں کیا بلکہ آج تک محض عالمی استعمار کے مفادات کو پورا کیا ہے ۔آقای موسوی نے کہا کہ ہر انقلاب و اقدا م کی تکمیل و ترقی کیلئے فکری آمادگی و علمی پناہ گاہ کا ہونا ضروری ہے چنانچہ امام جعفر صادق ؑ نے مسلمانوں کی علمی و فکری بیداری کیلئے ایسی تعلیم گاہ کی بنیاد رکھی جو اطراف و اکناف سے طالبان علوم کو اپنی طرف کھینچ رہی تھی اور اپنے گہوارہ تربیت میں اُن دانش گویان کی پرورش کی جنہوں نے امام صادق ؑ کی تاسی میں ستمگروں اورظالموں کے سنگین دو ر میں بھی پیغام علم و اخوت کو عام کیا ۔انہوں نے کہا کہ صادق آل محمد ؐ نے ظالم و جابر بادشاہوں اور حکمرانوں کا مردانہ وار مقابلہ کرکے جام شہادت نوش کرنا قبو ل کرلیا لیکن ظلم کے سامنے سر نہیں جھکایا۔

آقای موسوی نے یہ بات زوردیکر کہی کہ استعماری جبر سے نجات اور کشمیری و فلسطینی تحاریک آزادی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے امام جعفر صادق ؑ کی علمی تحریک سے ناطہ جوڑنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مسلم حکمران بیدار ہوں اور شعائر اللہ کے تحفظ کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

شرکائے مظاہرہ نے جواداعوان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر پر جوش نعروں کی گونج میں منظور کی جس میں جنت البقیع و جنت المعلٰی کے مقدس قبرستانوں میں مدفون رسول خدا ؐکے آباء و اجداد،امہات المومنینؓ و صحابہ کبارؓآپ ؐ کی پیاری بیٹی حضرت فاطمہ زہراؑ اور آئمہ اہلبیت ؑ جن میں امام جعفر صادقؑ بھی شامل ہیں کے مزارات کی مسماری کی پرزور مذمت کرتے ہوئے باور کرایا گیاکہ اگراس ظلم کیخلاف آواز احتجاج بلند کی جاتی توشام میں پاکیزہ صحابہ کبارؓ کی قبریں کھودنے،عراق میں انبیاء کرام حضرت شیثؑ حضرت دانیال ؑ حضرت جرجیس ؑ حضرت یونس ؑ کے مزارات کو ڈائنا مائیٹ سے اڑانے، پاکستان میں اولیائے کرام اور قومی ہیروزکے مزارات پر بم دھماکے نہ ہوتے ۔قرارداد میں کہا گیا کہ اس صورتحال پرپوری دنیا کے مسلمان بلاتفریق مسلک و مکتب مضطرب ہیں لیکن افسوس کہ مسلم حکمران اور او آئی سی جیسے استعماری پٹھو ادارے خاموش ہیں ،حقوق بشر کے عالمی ٹھیکیدار اداروں کو سانپ سونگھ چکا ہے،مسلمان ملکوں کی بے حسی سے فائدہ اٹھاکر صیہونی قوتیں اس قدردیدہ دلیر ہو چکی ہیں کہ وہ مدینہ منورہ پر حملہ آور ہوگئیں۔قراردا د میں مطالبہ کیا گیا کہ جنت البقیع و جنت المعلی سمیت سرزمین حجاز پر موجودرسول خدا ؐکے آباء و اجداد،امہات المومنینؓ ، صحابہ کبارؓ،رسولؐ کی پیاری بیٹی ؑ اور آئمہ اہلبیتؑ کے آثار اور رسول خداؐ کی جائے پیدائش کی عزت رفتہ بحال کی جائے ،دنیا بھر میں موجود مشاہیر اسلام کے مزارات کی حفاظت کیلئے نظام وضع کیا جائے،نہتے و مظلوم کشمیریوں ،فلسطینیوں پرہنود ویہو د کے مظالم بند کرائے جائیں ۔بھارت واسرائیل کو دہشت گرد قرار دلوا کر انکی سرکوبی کیلئے عالمی کولیشن تشکیل دیا جائے ،صیہونیت اور بھارتی بربریت کے تدارک کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

شرکائے مظاہرہ نے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی بصیرت افرز قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عہد کا اظہار کیا کہ مکتب تشیع کے حقوق ،عقائد حقہ کے تحفظ ،وحت و اخوت کے فروغ اور دین و وطن کی سربلندی کیلئے ان کے حکم پر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔بعد ازاں مظاہرین نوحہ خوانی و ماتمداری کرتے ہوئے واپس پریس کلب پہنچ کر پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری ،انتظامیہ کے افسران ،مختارفور س کے رضا کار ، مختار ایس او اور ابراہیم اسکاؤٹس (اوپن گروپ) انتظام و انصرام کیلئے ریلی کے آغاز سے اختتام تک موجود تھے، مختار جنریشن کی جانب سے سبیل کا خصوصی انتظام کیا گیا۔ درایں اثناء پشاور ، فیصل آباد، لاڑکانہ،کراچی،لاہور، جھنگ، خیرپور،حیدرآباد،سیالکوٹ،مظفر آباد،گلگت ،کوئٹہ اور دیگر مقامات پر بھی مختارآرگنائز یشن کی جانب سے ماتمی ریلیاں نکالی گئیں اور پرامن مظاہرہ ہوئے۔

مختار آرگنائزیشن ماتمی ریلی
مختار آرگنائزیشن ماتمی ریلی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.